ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی آغوش آرفن کیئر ہوم میں موجود بچوں سے ملاقات
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش کمپلیکس میں تعمیر ہونے والی نئی مسجد کے ماڈل کا افتتاح کیا
آغوش آرفن کیئر ہوم لاہور، کراچی اور سیالکوٹ میں بچوں کی تعلیم و تربیت کیلئے بہترین سہولیات موجود ہیں
باب الاسلام سندھ کی دھرتی امن محبت بھائی چارے اور عظیم صوفیا کا مسکن ہے: صدر تحریک منہاج القرآن
لاہور (یکم مارچ 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ آغوش کمپلیکس میں زیر تعلیم یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ انکی کھیلوں اور دیگر سہولیات کیلئے تحریک منہاج القرآن بہترین اقدامات اٹھا رہی ہے۔ آغوش آرفن کیئر ہوم لاہور، کراچی اور سیالکوٹ میں بچوں کی تعلیم و تربیت اور پلے ایریا میں بچوں کی دلچسپی کیلئے بہترین سہولیات موجود ہیں۔ باب الاسلام سندھ کی دھرتی امن، محبت، بھائی چارے اور عظیم صوفیاء کا مسکن ہے، سندھ کی ثقافت کا شمار دنیا کی عظیم اور قدیم ثقافتوں میں ہوتا ہے، اس صوبے میں بسنے والے لوگ امن، محبت، اتحاد و یکجہتی کی مثال ہیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کراچی صنعتی، تجارتی، تعلیمی اور اقتصادی مرکزی ہے پرامن کراچی ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ کراچی توجہ مانگ رہا ہے اسکی محرومیوں کا ازالہ ضروری ہے کراچی کو اسکا حق ملا تو اسکا مقابلہ دنیا کا کوئی شہر نہیں کر سکتا۔ منی پاکستان کراچی ماں کا درجہ رکھتا ہے جسکا دل بہت بڑا ہے جس میں پورے پاکستان کے لوگ سموئے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آغوش کمپلیکس کراچی کے بچوں اور انتظامیہ کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش کے بچوں کے ساتھ ڈنر کیا اور وقت گزارا، صدر منہاج القرآن نے آغوش کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ بھی کیا اور آغوش کمپلیکس کراچی میں تعمیر ہونے والی نئی مسجد کے ماڈل کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آغوش مسعود عثمانی، زاہد لطیف، طیب مدنی، زاہد راجپوت، علامہ زاہد خان، مفتی مکرم قادری و دیگر آغوش انتظامیہ اور آغوش کے بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ آغوش کمپلیکس کے وزٹ کے موقع پر پاکستان عوامی تحریک، تحریک منہاج القرآن سمیت اہم سماجی، سیاسی، مذہبی اور تعلیمی شخصیات بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے آغوش میں موجود عوامی دسترخوان کا بھی وزٹ کیا اور انتظامی حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری ان دنوں کراچی کے تین روزہ تنظیمی دورے پر ہیں، کراچی ائر پورٹ پہنچے پر جہاں پر علامہ نعیم انصاری، مرزا جنید علی، مشتاق احمد صدیقی، راؤ کامران محمود، شاہد راجپوت، مفتی مکرم قادری، باجی رعنا نصرت ڈار سمیت بڑی تعداد میں قائدین نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اپنے تین روزہ تنظیمی دورے میں سندھ اور کراچی کے تنظیمی عہدیداران و کارکنان سے ملاقاتیں کریں گے اور مختلف تقاریب میں شرکت بھی کریں گے۔
تبصرہ