نظام المدارس پاکستان سے الحاق و آگاہی مہم کا آغاز
ملک بھر کے تنظیمی عہدیدار مدارس دینیہ کو الحاق کے لئے دعوت دیں
شیخ الاسلام 17 مارچ کو نظام المدارس کے نئے نصاب کے بارے میں اہم گفتگو کریں گے
لاہور (6 مارچ 2021ء) ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ نظام المدارس پاکستان کے حوالے سے 5 مارچ سے جاری آگاہی و الحاق مہم میں تمام تنظیمات، فورمز بشمول پاکستان عوامی تحریک کے قائدین بھرپور حصہ لیں اور اپنے اپنے اضلاع، شہروں، تحصیلوں، قصبات میں قائم مدارس دینیہ کو نظام المدارس پاکستان سے الحاق کی دعوت دیں، تحصیل کی سطح پر نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام خصوصی اجلاس منعقد کریں، ان اجلاسوں میں علمائے کرام اور مدارس دینیہ کے مہتممین کو بطور خاص مدعو کریں۔ مدارس دینیہ کا اصل علمی مقام و مرتبہ بحال کرنے کا وقت آگیا ہے، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے لئے عصری ضروریات کے مطابق نصاب تیار کر لیا گیا ہے اور اس نصاب کے حوالے سے ملک بھر کے علمائے کرام سے تجاویز موصول کی جارہی ہیں جو 17 مارچ تک موصول کی جاتی رہیں گی اور 17 مارچ 2021ء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نئے نصاب کی خصوصیات، امتیازات اور تفردات کے حوالے سے خصوصی گفتگو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے حوالے سے ہونے والی تمام ملاقاتیں، ایکٹیوٹیز اجلاس سوشل میڈیا اور علاقائی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا پر نمایاں کریں اور مدارس دینیہ کے نظام اور نصاب کی تبدیلی کے تاریخی موقع پر علمی شخصیات کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نظام المدارس پاکستان کے ساتھ الحاق کے لئے فارم و دیگر مواد اور معلومات سیکرٹری کوآرڈینیشن تنظیمات کے دفتر میں دستیاب ہیں۔
تبصرہ