اسلام خواتین کے سماجی کردار کا حامی ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین

مورخہ: 08 مارچ 2021ء

آزادی اور آزادئ شتر بے مہار میں فرق کرنا ہو گا: چیئرمین سپریم کونسل
اسلام کو خواتین کے متعلق پابندیوں کا مذہب کہنے والے کم فہم ہیں
اسلام نے وراثت میں حصہ دار بنا کر خواتین کے معاشی حقوق کا تحفظ کیا
عورت کا تحفظ پردہ اور نگاہ کی حفاظت میں ہے، مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو

لاہور (8 مارچ 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ایک انقلابی ضابطہ حیات ہے جس نے انسانیت کو ہر نوع کی غلامی اور تعصب سے نجات دلائی، خواتین کو تعلیم، تجارت، معیشت ہر شعبہ میں آزادی عمل دی، اسلام کرہ ارض کا وہ واحد ضابطہ حیات ہے جس نے وراثت میں حصہ دار بنا کر اور نکاح جیسے عظیم اور مقدس بندھن کے ذریعے خواتین کے سماجی، معاشرتی اور معاشی حقوق کا تحفظ کیا۔ جسم اور مرضی کی گمراہ کن سوچ کو پروان چڑھانے والے سیدۂ کائنات سلام اللہ علیہا، ازواج مطہرات اور تحریک پاکستان میں سیاسی خدمات انجام دینے والی ہستیوں کا مطالعہ کریں۔ آزادی اور آزادئ شتر بے مہار میں فرق ہے، اخلاق، اقدار اور حیاء کی پاسداری کے بغیر کوئی معاشرہ مہذب اور پرامن نہیں ہو سکتا، زوجہ رسول ﷺ حضرت خدیجۃ الکبریٰ اس دور میں ایک کامیاب تاجرہ تھیں جب بچیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ درگور کر دیا جاتا تھا۔ آپ ﷺ نے خواتین کے سماجی، معاشی، تعلیمی، سیاسی کردار کی تعلیم دی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ کچھ کم فہم اور کم علم حقوق نسواں اور آزادی نسواں کی آڑ میں خاتون کو عزت دینے کی بجائے انہیں غیر محفوظ بنانے پر توانائیاں صرف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے عورت کو ہر طرح کی آزادی اور تحفظ دیا ہے مگر عورت کے مفاد میں کچھ نصیحتیں اور تعلیمات سے بھی نوازا ہے۔ اللہ سے بہتر کوئی حکیم اور بصیر نہیں ہے، قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے خواتین کے وقار اور تحفظ کے لئے رہنمائی پر مبنی تعلیمات دی ہیں جن میں سرفہرست عصمت کی حفاظت ہے اور اس کی حفاظت کا نسخہ کیمیا بتایا کہ نگاہوں کو نیچا رکھیں، نگاہوں کو گناہوں سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھا اور پُرکشش نظر آنا انسان کی جبلت ہے مگر شریعت نے جس بناؤ سنگھار کی تعلیم دی ہے اس سے تجاوز نہ کرنے میں ہی تحفظ اور خیر ہے۔ نگاہوں کی حفاظت کرنے والی خواتین کو قرآن نے مومنات کہا ہے۔ ہر شر اور برائی کا دروازہ نگاہوں سے نکلتا ہے اسی لئے قرآن نے نگاہوں کی حفاظت کا حکم دیا ہے۔ پردہ اور حیاء اصل زینت ہے۔ اسلام کو خواتین کے حوالے سے پابندیوں کا دین کہنے والے کم فہم اور لاعلم ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top