تحفیظ القرآن میں فارغ التحصیل طلبہ، حفاظ کے اعزاز میں تقریب 14 مارچ کو ہو گی

مورخہ: 13 مارچ 2021ء

تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خصوصی شرکت کریں گے
قرآن حکیم کے احکامات پر عمل کرنے میں دین و دنیا کی فلاح ہے:محمد عباس نقشبندی

لاہور (13 مارچ 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے منہاج انسٹی ٹیوٹ برائے قراءات و تحفیظ القرآن 14 مارچ (اتوار) کو فارغ التحصیل طلبہ، حفاظ کے اعزاز میں طلبہ کی مادر علمی آغوش کمپلیکس ٹاؤن شپ میں ایک پُروقار تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کریں گے۔ پرنسپل تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی، ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال، تحفیظ القرآن کے اساتذہ، معروف قراء، ثناء خوان، طلبہ کے والدین سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم مذہبی، سماجی و سیاسی شخصیات تقریب میں شرکت کریں گی۔

پرنسپل تحفیظ القرآن محمد عباس نقشبندی نے تقریب کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرسرپرستی قائم تحفیظ القرآن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اب تک اس ادارے سے ہزاروں طلبہ قرآن پاک حفظ کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم دنیا میں انسانوں کیلئے راہ نجات ہے اور اس کے احکامات پر عمل کرنے میں دین و دنیا کی فلاح ہے۔ تحفیظ القرآن کے فارغ التحصیل طلبہ ڈاکٹرز، انجینئرز، وکلاء و دیگر مختلف اہم شعبوں میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہونہار طلبہ مختلف میدانوں میں دین اسلام کی ترویج و اشاعت کا عملاً بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسے ماہرین اور مفکرین کی ضرورت ہے جو اسلامی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیاوی امور بھی انجام دے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور اس کی تعلیمات رہتی دنیا تک کیلئے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top