ڈاکٹر طاہرالقادری 17 مارچ کو علماء، مشائخ کی قومی کانفرنس سے خطاب کریں گے

مورخہ: 15 مارچ 2021ء

کانفرنس مدارس دینیہ کے نصاب کی تشکیل جدید کے موضوع پر آن لائن منعقد ہو گی
نصاب کی اصلاح کے مخالف دینی مدارس کے خلاف سازش کر رہے ہیں: خرم نواز گنڈاپور
آمدن و اخراجات کا حساب مانگنے کو دینی مدارس پر حملہ قرار دینا درست نہیں ہے

National Conference by Nizam ul Madaris

لاہور (15 مارچ 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری 17 مارچ کو علماء، مشائخ کی قومی کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس مدارس دینیہ کے نصاب کی تشکیل جدید کے موضوع پر آن لائن منعقد ہو گی، اس حوالے سے لاہور، کراچی، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان، بہاولپور، گوجرانوالہ، گجرات، آزاد کشمیر، کوئٹہ، اوکاڑہ، ساہیوال، منڈی بہاؤ الدین، حیدر آباد سے علمائے کرام آن لائن شریک ہوں گے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نظام المدارس پاکستان کے نئے نصاب کے امتیازات، خصوصیات پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ مدارس دینیہ کے نصاب کی ایک ہزار سالہ تاریخ پر خصوصی گفتگو کریں گے۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے اس حوالے سے منعقدہ خصوصی میٹنگ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علماء، مہتممین مدرسہ جات کو مدارس دینیہ کے نصاب کی تشکیل جدید کے موضوع پر ہونے والی تاریخی قومی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی ہے۔

خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ کچھ معزز علمائے کرام تواتر کے ساتھ یہ کہہ رہے ہیں کہ مدارس کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، درحقیقت نئے بورڈز تشکیل پانے سے کچھ حلقے پریشان ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ نئے بورڈز بننے سے ان کی مدارس پر گرفت ڈھیلی پڑ گئی ہے، حقیقت یہ ہے کہ آمدن و اخراجات کا حساب مانگنے اور مدارس کی رجسٹریشن کے ریاستی احکامات آنے پر کچھ علماء کی طرف سے اس اقدام کو دینی مدارس پر حملہ اور سازش قرار دیا جا رہا ہے۔ مدارس کا نصاب اور نظام ریگولیٹ ہونا چاہیے اور والدین اور ریاست کے علم میں ہونا چاہیے کہ ان کے بچے دین کے نام پر کیا پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے کسی ملک میں بھی کوئی شخص ریاست کی اجازت کے بغیر کوئی تعلیمی نظام وضع نہیں کر سکتا۔ پاکستان میں بھی ایسا ہی ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مدارس دینیہ کو اسلام کی نشاۃ ثانیہ کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ وقت کے تقاضوں کے مطابق مدارس دینیہ کو اپنا تعلیمی، نصابی کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں عصری تقاضوں کے مطابق نصاب کی تشکیل جدید ہوتی رہتی ہے، کچھ علمائے کرام سیاسی مفادات کے تحت اصلاحات کی مخالفت کر کے خود مدارس کے خلاف سازش کررہے ہیں۔

میٹنگ میں صدر نظام المدارس پاکستان علامہ امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ میر آصف اکبر، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی و دیگر ذمہ داران شریک ہوئے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top