شام کے عظیم محقق الشیخ محمد علی الصابونی کے انتقال پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا اظہار تعزیت

مورخہ: 19 مارچ 2021ء

لاہور (19 مارچ 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے ملک شام سے تعلق رکھنے والے عالم اسلام کے نامور عالم دین، محقق اور بحر العلوم الشیخ محمد علی الصابونی کے انتقال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ شیخ صابونی کا ترکی میں استنبول کے نواحی علاقے میں وصال ہوا ہے۔ اس حوالے سے شیخ الاسلام نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ اس رحلت سے عالم اسلام ایک معتبر اور مستند علمی شخصیت سے محروم ہو گیا ہے۔ وہ عالم اسلام کا بالعموم اور اہل سنت و جماعت کا بالخصوص علمی اثاثہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ الشیخ محمد علی الصابونی علوم القرآن والتفسیر، علوم الحدیث اور علوم الفقہ کے بلند پایہ عالم تھے۔ علوم دینیہ کے علاوہ آپ جدید عصری علوم سے بھی آراستہ تھے۔ آپ ایک بہترین مدرس، مصنف اور محقق تھے۔ آپ کو علم التفسیر میں متخصص کا درجہ حاصل تھا اور ان کی تفسیر صفوۃ التفاسیر ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔ اس میدانِ علم میں آپ کی خدمات بطور خاص ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی خدمت دین کے لیے اس طرح وقف کر دی تھی کہ اپنی زندگی کے آخری لمحات تک مشغولِ علم و تحقیق رہے۔ ان کی تصانیف سے امت مسلمہ کا ہر طبقہ قیامت تک مستفیض ہوتا رہے گا۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ الشیخ محمد علی الصابونی کی رحلت سے پیدا ہونے والا خلا علمی حلقے ہمیشہ محسوس کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اللہ رب العزت سے ان کی بخشش و مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا گو ہوں اور ان کے اہل و عیال اور دیگر تمام متعلقین و متوسلین سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ ان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق مرحمت فرمائے اور ان کے دلوں کو صبر و سکون کی دولت نصیب فرمائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top