پاکستان بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 22 مارچ 2021ء

تحریک پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے، بیان
قائد تحریک منہاج القرآن نے کووڈ 19کی وباء سے نجات کیلئے دعا کی

لاہور(22 مارچ 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اللہ رب العزت کی بہت بڑی نعمت ہے۔ پاکستان بے مثل قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا۔ ان قربانیوں کا مقصد اسلام کی آفاقی تعلیمات پر استوار ایک عظیم الشان اور محفوظ سلطنت کا قیام تھا، قیام پاکستان کے مقاصد آئین کے دیباچہ میں شامل ہیں۔ قیام پاکستان کا بنیادی مقصد لوگوں کو سوشل جسٹس، تعلیم، صحت، تحفظ دینا اور پاکستان کو ایک مثالی اور پرامن معاشرہ بنانا تھا۔ ایک ایسی محفوظ سلطنت جس میں کوئی کسی کی جان نہ لے سکے، کسی کی عزت و آبرو پر حملہ آور نہ ہو سکے۔ ہر شہری کو اس کی اہلیت کے مطابق روزگار فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جن مقاصد کے لئے پاکستان حاصل کیا گیا تھا کرپشن، لالچ اور حرص و ہوس نے ان مقاصد کے حصول کی جدوجہد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد، خودمختار عدلیہ، آزاد خودمختار نظام انتخاب اور تعلیم کو فروغ دے کر تحریک پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کے دن جس جوش و جذبہ اور ولولہ کے ساتھ الگ وطن کے لئے اسلامیان برصغیر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئے تھے پاکستان کی تعمیر نو کے حوالے سے اسی اتحاد، جذبہ اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہلیان پاکستان اور پوری انسانیت کو کووڈ 19 کی وباء سے محفوظ رکھے اور پاکستان کو امن و سلامتی اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top