وباؤں سے نجات کے لئے قوم اجتماعی استغفار کرے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 29 مارچ 2021ء

شب برات گناہوں سے توبہ اور اللہ کو راضی کرنے کی رات ہے: قائد منہاج القرآن

لاہور (29 مارچ 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے گناہوں پر ندامت اور معافی کا عمل اللہ کو بہت پسند ہے ہم آج جن بحرانوں، مسائل، بدامنی، خوف و ہراس اور بے برکتی کا شکار ہیں، اس سے چھٹکارے اور نجات کے لئے قوم اجتماعی استغفار کرے اور اللہ سے گڑگڑا کر معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس راتیں در توبہ کھولتی اور اللہ کو راضی کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شب برات کو شبِ توبہ، شب مغفرت اور شب عبادت و ریاضت کا مقام حاصل ہے، دعاؤں سے تقدیریں بھی بدل جاتی ہیں، ہر وقت اللہ سے معافی مانگتے رہیں، معافی کا فلسفہ یہ ہے کہ سچے دل سے عہد کیا جائے کہ دوبارہ گناہ کا ارتکاب نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آقا ﷺنے فرمایا ”دعا اس مصیبت کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو اتر چکی ہے اور اس کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو ابھی نہیں اتری، پس اللہ کے بندو! اپنے اوپر دعا کرنا لازم کرلو۔“ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کورونا وائرس کی زد پر ہے اللہ رب العزت سے وباء سے نجات کی گڑگڑا کر دعا کی جائے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو ہر نوع کی وباء سے محفوظ رکھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top