شب برات کا روحانی اجتماع 2021، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا خصوصی خطاب
لاہور (29 مارچ 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ’’شب برات‘‘ کے عظیم الشان مرکزی روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے جس طرح انسانوں میں سے انبیائے کرام اور مہینوں میں سے رمضان المبارک کو فضیلت عطاء کی ہے اسی طرح رب کائنات نے راتوں میں سے شب برأت کو بھی فضیلت بخشی ہے۔
اللہ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں رات کو آسمان دنیا پر ظہور اجلال فرماتا ہے اور اپنی تمام مخلوق کی بخشش فرما دیتا ہے سوائے مشرک اور چغل خور کے۔ اللہ تعالیٰ اس رات کو اپنی شان کے مطابق غروب آفتاب کے وقت سے ہی آسمان دنیا پر نزول اجلال فرماتا ہے اور طلوع فجر تک فرماتا رہتا ہے: کیا کوئی مجھ سے مغفرت طلب کرنے والا نہیں ہے کہ میں اسے بخش دوں؟ کیا کوئی رزق طلب کرنے والا نہیں ہے کہ میں اسے رزق دوں؟ کیا کوئی بیماری میں مبتلا نہیں ہے کہ میں اسے شفا دوں؟
انہوں نے کہا کہ دعا ایک اہم عبادت ہے اور اس کے علاوہ کوئی شے تقدیر کو نہیں بدل سکتی، شعبان کی 15 ویں رات کو خاص طور پر اللہ کی رحمت بندوں کی دعاؤں کی منتظر رہتی ہے کہ کب بندہ دعا کرے اور اللہ کی رحمت برس جائے، انہوں نے کہا کہ شب برأت ساری مسلم قوم توبہ، استغفار کرے، گناہوں کی معافی مانگنا اللہ تعالیٰ کے ہاں پسندیدہ دعاؤں میں سے ایک ہے، جس شخص کو اللہ کے حضور دعا مانگنے کی توفیق نصیب ہو جائے اس پر اللہ کی رحمت اور فضل کے دروازے کھل جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے گناہوں پر ندامت اور معافی کا عمل اللہ کو بہت پسند ہے ہم آج جن بحرانوں، مسائل، بدامنی، خوف و ہراس اور بے برکتی کا شکار ہیں، اس سے چھٹکارے اور نجات کے لئے قوم اجتماعی استغفار کرے اور اللہ سے گڑگڑا کر معافی مانگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس راتیں در توبہ کھولتی اور اللہ کو راضی کرنے کا ذریعہ بنتی ہیں، انہوں نے کہا کہ شب برات کو شبِ توبہ، شب مغفرت اور شب عبادت و ریاضت کا مقام حاصل ہے، دعاؤں سے تقدیریں بھی بدل جاتی ہیں، ہر وقت اللہ سے معافی مانگتے رہیں، معافی کا فلسفہ یہ ہے کہ سچے دل سے عہد کیا جائے کہ دوبارہ گناہ کا ارتکاب نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آقا ﷺنے فرمایا ”دعا اس مصیبت کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو اتر چکی ہے اور اس کے لیے بھی فائدہ مند ہے جو ابھی نہیں اتری، پس اللہ کے بندو! اپنے اوپر دعا کرنا لازم کرلو۔“ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج امت مسلمہ اور پوری انسانیت کورونا وائرس کی زد پر ہے اللہ رب العزت سے وباء سے نجات کی گڑگڑا کر دعا کی جائے، انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو ہر نوع کی وباء سے محفوظ رکھے۔
دعائیہ تقریب میں مشائخ عظام، علماء کرام، نامور قراء و نعت خواں حضرات نے شرکت کی۔ شیخ الاسلام نے کرونا وائرس سے نجات اور ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے بھی خصوصی دعا کی۔
تبصرہ