حیدرآباد میں تحریک منہاج القرآن کی ’شیخ الاسلام کانفرنس‘
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70ویں سالگرہ کی مناسبت سے تحریک منہاج القرآن حیدرآباد کے زیراہتمام کراؤن ہوٹل لطیف آباد میں 2 مارچ 2021 کو ’شیخ الاسلام کانفرنس‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ پاکستان میں ہر نظام مفلوج ہو گیا ہے، ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستانی قومیت اور ثقافت کے بارے بھی غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ جو کسی معاشرے پر ایسا وقت آ جائے تو وہ مردہ معاشرہ کہلاتا ہے۔ ایسے مردہ معاشرے میں روح پھونکنے کے لئے اللہ پاک مجدد بھیجتا ہے۔ ہم خوش نصيب ہیں کہ اللہ پاک نے ہمیں مجدد وقت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحبت اور سنگت نصیب کی ہے۔ ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کانفرنس کے انعقاد پر تحریک منہاج القرآن سندھ کے عہدیداران و رفقاء اور منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
قبل ازیں ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کے حیدرآباد پہنچنے پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سندھ کے نوجوانوں نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ ’شیخ الاسلام کانفرنس‘ میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، تحریک منہاج القرآن حیدرآباد کے صدر یونس قادری، منہاج القرآن ویمن لیگ حیدرآباد کی صدر نسرین باجی، منہاج علماء کونسل حیدرآباد کے صدر علامہ جان محمد بروہی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ سندھ کے صدر علی قریشی سمیت تحریک منہاج القرآن حیدرآباد کے عہدیداران و کارکنان سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تحریک منہاج القرآن سندھ (زیریں) کے کوآریڈینیٹر فوجی مشتاق احمد قائمخانی اور ناظم تنظيمات سندھ علامہ احمد حسن فاروقی نے استقبالیہ کلمات کہتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
کانفرنس کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 70 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا اور آپ کی درازی عمر اور صحت مستمرہ کے لئے دعا کی گئی۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے تحریک منہاج القرآن حیدرآباد کے صدر یونس قادری کی جواں سالہ دختر کے انتقال پر تعزیت کے لئے ان کے گھر تشریف لے گئے۔
تبصرہ