کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی لائبریری کی نئی عمارت کا افتتاح
نوجوان عصری علوم کیساتھ دینی علوم بھی پڑھیں، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی گفتگو
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پسماندہ طبقات پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے
لائبریری تحقیق و مطالعہ کے لئے 15 ہزار سے زائد نایاب کتب پر مشتمل ہے: ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی
افتتاحی تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، حاجی امین قادری، حاجی ارشد، شاہدلطیف و دیگر کی شرکت
لاہور (7 اپریل 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کی لائبریری کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو تعلیم اور دینی شعور دینا فی زمانہ دنیا و آخرت کی بہترین نیکی اور انویسٹمنٹ ہے۔ انہوں نے ناظم اعلیٰ خرم نوازگنڈاپور، حاجی امین قادری چیئرمین ریسورسز اینڈ ڈویلپمنٹ، حاجی ارشد سینئر ممبر، شاہد لطیف ڈائریکٹر آر اینڈ ڈی، ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی کے ہمراہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز لائبریری کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اویس طاہر، ملک وزیر، شیخ محمد حنیف اور کالج آف شریعہ کے فیکلٹیز ممبر موجود تھے۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یہ تعلیمی ویژن ہے کہ شرعی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی پڑھائے جائیں۔ دینی شعور کے بغیر حاصل کی جانے والی تعلیم علم نافع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلاف کی اسلامی، دینی، روحانی، اخلاقی، علمی میراث کی آئندہ نسلوں تک منتقلی کے لئے تحریک منہاج القرآن اپنا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے تعلیمی ادارے ایک ذمہ دار، باکردار شہری کی تیاری کے ساتھ ساتھ اسلام کی ترویج و اشاعت اور عقیدہ صحیحہ کے فروغ کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نسل کے ذریعے ہی پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔
اس موقع پر پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی نے بتایا کہ کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز ایم فل اور پی ایچ ڈی تک تعلیم مہیا کر رہا ہے۔ پسماندہ اضلاع کے ذہین طلباء دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم بھی پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کالج آف شریعہ کے قیام سے اب تک ہزاروں سکالر تعلیم مکمل کر کے پاکستان اور بیرونی دنیا میں ایک کامیاب پروفیشنل کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سوسائٹی کے پسماندہ طبقات پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے۔ انہوں نے بتایا کالج آف شریعہ کی لائبریری 15 ہزار سے زائد نایاب کتب پر مشتمل ہے۔ طلباء میں تحقیق اور مطالعہ کا شعور اجاگر کرنے کیلئے لائبریریوں کا مرکزی کردار ہوتا ہے۔ منہاج القرآن کے تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ ترجیحاً لائبریریاں بھی تعمیر کی جارہی ہیں۔
تبصرہ