حضور نبی اکرم ﷺ نے ذخیرہ اندوزی سے سختی سے منع فرمایا: خرم نواز گنڈاپور

منہاج القرآن کے زیر اہتمام”سیرت محمدی ﷺ کا حقیقی خاکہ“ کتاب شائع
کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کو دلنشیں انداز میں بیان کیا گیا ہے
کتاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیرت النبی ﷺپرکی جانیوالی تحقیق پر مشتمل ہے

لاہور (15 اپریل 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ”سیرتِ محمدی ﷺ کا حقیقی خاکہ“ کے عنوان سے کتاب شائع ہو گئی ہے۔کتاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سیرت النبی ﷺ پر کی جانیوالی تحقیق پر مشتمل ہے۔ کتاب میں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور خلق عظیم کو دلنشیں انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ جس شخص نے بھی آپ ﷺ کے اخلاقِ عالیہ کو پڑھا ہے وہ متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ بطور مسلمان ہمیں حضور نبی اکر مﷺ کی سیرت طیبہ اور خلق عظیم کا مطالعہ کرتے رہنا چاہیے تاکہ ہمارے اخلاق بہتر ہو سکیں اور پیغمبر حق پر لاعلمی کی وجہ سے جو لوگ تنقید کرتے ہیں انہیں موثر جواب دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیرت محمدی ﷺ کا حقیقی خاکہ ایک منفرد کتاب ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ آپ خوش اخلاق اور حیاء دار تھے۔ بچوں، عورتوں، کمزوروں کے ساتھ شفقت سے پیش آتے تھے، آپ اگلے دن کے لئے خوراک ذخیرہ نہیں کرتے تھے اور صحابہ کرام کو بھی خوراک ذخیرہ کرنے سے منع فرماتے تھے۔حضور نبی اکرم ﷺ خلق عظیم کے اعلیٰ مرتبے پر فائز ہیں۔ آپ کی صفت رحمت ساری کائنات پر محیط ہے۔ آپ کے چہرہ اقدس پر ہمیشہ کشادگی اور بشاشت رہتی تھی، آپ کے اخلاق اور برتاؤ میں نرمی ہوتی تھی، آپ سے معاملہ کرنا بہت آسان ہوتا تھا، آپ سخت مزاج تھے اور نہ ہی سخت دل اور نہ ہی سخت دلوں کو پسند کرتے تھے۔ آپ بیٹیوں سے محبت فرماتے تھے، یتیم کی پرورش کرتے تھے، بیواؤں اور مساکین پرر حم کرتے تھے، بھوکوں کو کھانا کھلاتے تھے۔ بیماروں کی عیادت کرتے تھے۔ آپ ﷺ نے مسکراتے چہرے کے ساتھ گفتگو کرنے کو صدقہ سے قرار دیاہے، آپ ﷺ فرماتے تھے جو شخص دنیا میں کسی کے عیب کا پردہ رکھے گا قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اس کے عیب کا پردہ رکھے گا۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہر کلمہ گو مسلمان اس کتاب کا ضرور مطالعہ کرے اور اپنے محبوب پیغمبر حق کی تعلیمات پر عمل کرے۔

A Real Sketch of the Prophet Muhammad ﷺ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top