انفاق فی سبیل اللہ اسلام کے تصور انسانی بہبودکی روح ہے: سید امجد علی شاہ

منہاج ویلفیئر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے مستحقین کی مدد کا فریضہ ادا کررہی ہے
زکوٰۃکی ادائیگی فرض، مستحقین تک پہنچانا ناگزیر دینی تقاضا ہے
منہاج ویلفیئر ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے مستحقین کی مدد کررہی ہے: ڈائریکٹر ویلفیئر

لاہور(16 اپریل 2021ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کنٹری ڈائریکٹر سید امجد علی شاہ نے کہا ہے کہ انفاق فی سبیل اللہ اسلام کے تصور انسانی بہبود کی روح ہے۔ صاحب حیثیت افراد پر لازم ہے کہ وہ اللہ کے دئیے ہوئے مال میں سے ضرورت مندوں پر خرچ کریں۔ زکوٰۃ کی ادائیگی فرض ہے مگر حق داروں تک حق پہنچانا ایک ناگزیر دینی تقاضا ہے۔ زکوٰۃ اور صدقات و خیرات ادا کرنے والے پر لازم ہے کہ وہ ایسے افراد اور ویلفیئر آرگنائزیشنزکو اپنی زکوٰۃ اور صدقات و خیرات دیں جو مستحقین کی مدد کاایک شفاف نظام اور بہترین ٹریک ریکارڈ رکھتی ہیں۔ انہوں نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے مشاورتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ہر شعبہ میں مستحقین کی مدد کررہی ہے۔ ذہین مگر غریب طلباء کے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ آرفن بچوں کی نگہداشت کا فریضہ بھی انجام دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ صاف پانی کی فراہمی اور مستحقین کے گھروں میں راشن بھی پہنچایا جاتا ہے۔ اس سال رمضان المبارک کے دوران 10 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جارہا ہے۔

سید امجد علی شاہ نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ملکی قوانین اور آڈٹ کے ایک جامع نظام کے تحت اپنا فلاحی کردار ادا کررہی ہے۔ ہم مخیر حضرات کو اپنے منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دینے کے لئے اور موقع پر وزٹ کروانے کے لئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے خدمت دین کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کے لئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نام سے ایک بین الاقوامی ادارہ تشکیل دیا ہے۔ سید امجد علی شاہ نے کہا کہ اسلام نے زکوۃ کی صورت میں اجتماعی بھلائی اور معاشرتی فلاح و بہبود کا ایک جامع نظام انسانیت کو عطاء کیا ہے، اس کا مقصد معاشی اعتبار سے کمزور لوگوں کو پاؤں پر کھڑا کرنا اور سوسائٹی کے اجتماعی امن و سکون کو برقرار رکھنا ہے۔زکوۃ اور صدقات و خیرات فقط مالی قربانی کانام نہیں بلکہ ایک جذبے کا نام ہے جسے بجا طور پر قرب الٰہی اور رضائے مصطفیﷺ کا موجب قرار دیا گیا ہے۔زکوۃ کی ادائیگی فرض ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ مستحق تک پہنچانا ایک اہم دینی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ صدقات اور خیرات کے ذریعے سوسائٹی کے کمزور افراد کی مالی پریشانیوں اور محرومیوں کو کم کرنے کے لئے اپنا مال خرچ کرتے ہیں وہ درحقیقت اللہ کو راضی کرنے کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کو پرامن اور معتدل بنانے کے حوالے سے بھی اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ جب مکہ معظمہ سے ہجرت کر کے مدینہ منورہ تشریف لائے تو انہوں نے مواخات اور انفاق فی سبیل اللہ کے ذریعے اسلام کے معاشی نظام اور انسانی بہبود کے ڈھانچے کی بنیاد رکھی اور ان تمام صاحب حیثیت حضرات کو پیغام دیا گیا کہ ان کے پاس جو کچھ بھی ضرورت سے زائد ہے وہ ان کو لوٹا دیں جن کے پاس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی ریاست مدینہ کا وہ امتیاز ہے جو آج ضرب المثل کا درجہ اختیار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن حق داروں تک ان کا حق پہنچانے کے لئے ملکی قوانین اور دینی تعلیمات کے مطابق اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top