منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے وائس فوڈبینک اور عید پیکیج مہم شروع

غریب کی مدد رمضان المبارک کی بہترین عبادت ہے: فرح ناز
انفاق فی سبیل اللہ کے ذریعے سے امیر،غریب کے درمیان فاصلے کم کرنا ہوں گے
اہل ثروت ضرورت سے زائد اشیاء مستحقین میں بانٹ کر اپنا دینی فریضہ پورا کریں

لاہور (19 اپریل 2021ء) تحریک منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی صدر فرح ناز نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی منہاج القرآن ویمن لیگ کے ذیلی پراجیکٹ”وائس“ کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں اور ضرورت مندوں تک راشن پہنچایا جارہا ہے۔ مستحقین کا حق مستحقین تک پہنچارہے ہیں۔ مخیر حضرات اس کار خیر میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحقین کی مدد رمضان المبارک کی بہترین عبادت ہے۔ انفاق فی سبیل اللہ کے ذریعے امیر اور غریب کے درمیان فاصلوں کو کم کرنا ہو گا۔یہی اصل اسلام اور نبوی تعلیمات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ قرآن کا حکم ہے کہ اہل ثروت ضرورت سے زائد اشیاء مستحقین کو لوٹا دیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض اوقات نیکی اور انسانی ہمدردی کے معمولی کام کسی کی بڑی خوشی بن جاتے ہیں۔ کورونا وائرس کی وباء کے باعث معاشی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں اور مزدور طبقہ معاشی اعتبار سے بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس ماحول میں مستحقین کی مدد کرنا بطور مسلمان اور انسان ہمارا دینی، اخلاقی اور قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ”وائس“نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی فکر اور چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی سرپرستی میں رمضان المبارک کے دوران ”انفاق“، ”الرحمۃ“،”المغفرت“ اور ”النجات“ کے نام سے چار تربیتی پروگرامز مرتب کئے ہیں۔ ان تعلیمی، تربیتی پروگراموں کے ذریعے اسلام کے جذبہ ایثار اور اخوت کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ دینی و انسانی جذبہ ایثار کے تحت ضرورت مندوں تک انکا حق پہنچانے کے لئے پل کا کردار ادا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کی مدد کیلئے ضروری نہیں ہے کہ آپ اپنا پیٹ کاٹ کر دیں۔ آپ اپنی ضرورت سے زائد اشیاء مستحقین میں بانٹ کر انہیں اپنی خوشیوں کاحصہ دار بنا سکتے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top