حکیم الامت نے امہ کو اغیار پر انحصار نہ کرنے کی فکر دی: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری

نوجوان سائنس، طب، ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملکہ حاصل کریں
جس قوم کا نوجوان باشعور ہو اس قوم کو دنیا کی امامت سے کوئی نہیں روک سکتا: قائد منہاج القرآن

لاہور (20 اپریل 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حکیم الامت حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ کے 83 ویں یوم وصال کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ نے تصور خودی کے ذریعے امہ کو خود انحصاری کی فکر اور دوسروں پر انحصار نہ کرنے کی سوچ دی۔ خودی یہی ہے کہ امت سائنس طب ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ملکہ حاصل کرے اور اغیار پر انحصار کرنا چھوڑ دے۔ انھوں نے کہا کہ اقبال رحمتہ اللہ علیہ نے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر سب سے زیادہ توجہ دی حکیم الامت سمجھتے تھے جس قوم کا نوجوان باشعور اور تعلیم یافتہ ہو اس قوم کو قوموں کی امامت سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ انھوں نے کہا کہ منہاج القرآن کے نوجوانوں کو اقبال کا حقیقی معنوں میں شاہین بنانے کے لیے تعلیم و تربیت پر فوکس کیا گیا ہے۔ منہاج القرآن نے منہاج یونیورسٹی لاہور، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز، منہاج ویمن کالج اور منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کی صورت میں تعلیم و تربیت کے بےمثال ادارے قائم کیے ہیں۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ یہ خوش قسمتی ہے کہ حکیم الامت نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کی فکری قیادت کی نوجوانوں کو حکیم الامت کے افکار سے جوڑنا ہوگا۔ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر چلانے کیلئے حکیم الامت کی فکر اور پیغام پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ حضرت علامہ اقبال ؒ کے آگہی اور خودی کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ علامہ اقبالؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک مضبوط فکر کی بنیاد فراہم کی۔ علامہ اقبالؒ نے مسلمانان عالم کی نہ صرف فکری اور نظریاتی رہنمائی کی بلکہ عملی سطح پر بھی قیادت کا فریضہ انجام دیا۔ ملک و معاشرے کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کیلئے حضرت علامہ اقبالؒ کی تعلیمات و افکار پر عمل کرنا ہو گا۔ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے حضرت علامہ اقبالؒ کی فکر مشعل راہ ہے۔ علامہ اقبالؒ کی فکر سے وابستگی تقاضا کرتی ہے کہ ہم انکی سوچ کو نہ صرف سمجھیں بلکہ اس پر عمل پیرا بھی ہوں۔ پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایسی ریاست بنائیں جس کا تصور علامہ اقبالؒ نے دیا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top