شیخ الاسلام کے دیرینہ رفیق اور منہاج القرآن کے بانی رکن پیر غالب پرویز لاہوری انتقال کر گئے
تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے معروف روحانی شخصیت، بانی ممبر اور سینئر رہنما منہاج القرآن انٹرنیشنل حضرت پیر غالب پرویز لاہوری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ پیر غالب پرویز لاہوری جیسے جانثار، وفادار ساتھی تحریکوں کو بہت کم ملتے ہیں۔ مرحوم مخلص، نیک، صالح اور درویش صفت انسان تھے۔ اخلاق، صدق، وفاداری، محبت اور خدمت گزاری کا پیکر تھے۔ حضرت پیر غالب پرویز لاہوری تحریک منہاج القرآن کا اثاثہ اور تاریخ تھے۔ پیر غالب پرویز لاہوری کی رحلت ان کے اہل خانہ، عقیدت مندوں اور تحریک منہاج القرآن کے لئے گہرا صدمہ ہے۔ مرحوم نے ساری زندگی دین اسلام اور انسانیت کی خدمت کے لئے کام کیا۔ پیر غالب پرویز لاہوری صالح بزرگوں کے روحانی فیض کے امین تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائے، لواحقین اور عقیدت مندوں کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، انجینئر محمد رفیق نجم، علامہ رانا محمد ادریس، علامہ میر محمد آصف اکبر، حافظ غلام فرید و دیگر رہنماؤں نے بھی پیر غالب پرویز لاہوری کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، بلندی درجات کیلئے دعا کی۔ رہنماؤں نے ان کے انتقال پرملال پر ان کے لواحقین، مریدین، معتقدین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
دریں اثناء مرحوم کی نماز جنازہ لاہور کینٹ میں ادا کی گئی۔ نائب ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انجینئر محمد رفیق نجم، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق، حاجی منظور حسین قادری، حاجی شیخ محمد اسلم قادری، سردار فتح اللہ خان، اشتیاق حنیف مغل، داؤد مشہدی، امتیاز حسین اعوان سمیت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی، صوبائی، ضلعی، تحصیلی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
تبصرہ