شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مولانا وحیدالدین خان کی رِحلت پر اظہارِ تعزیت

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مولانا وحید الدین خان کی رِحلت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں شیخ الاسلام نے کہا ہے مولانا کی وفات عالمِ اسلام کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ مرحوم تقریباً ایک صدی تک پورے خلوص کے ساتھ ترویج و فروغِ اِسلام کے لیے جہاد بالقلم میں مصروفِ عمل رہے۔ مولانا نے اِسلامی تعلیمات کو روایتی انداز کے بجائے عصری مقتضیات کے مطابق پیش کیا۔ بصائر و عبر کا اِظہار اور حقائقِ اِسلامیہ کا اِنکشاف ان کی تحریروں کا خاصہ تھا۔ شیخ الاسلام نے مولانا وحیدالدین خان کے اَہلِ خانہ اور محبین و مستفیدین سے اِظہارِ تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طالبانِ حق مولانا وحید الدین خان کے علمی شذرات سے مستفید ہوتے رہیں گے۔ شیخ الاسلام نے اپنے تعزیتی پیغام کا اختتام عربی کے اس شعر کے ساتھ کیا کہ:

يَلُوْحُ الْـخَطُّ فِي الْقِرْطَاسِ دَهْرًا
وَکَاتِبُهُ رَمِيْمٌ فِي التُّرَابِ

’’انسان کی تحریر اَبد الاباد تک باقی رہتی ہے جب کہ اسے لکھنے والا مٹی میں مل چکا ہوتا ہے۔‘‘

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top