رمضان المبارک کردار سازی، تزکیہ نفس، خود احتسابی کا مہینہ ہے: محمد رفیق نجم

دین اسلام اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے ساتھ ادب اور احسان کا درس دیتا ہے
مثالی اور پر امن معاشرے کیلئے تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر توجہ دینا ہوگی: نائب ناظم اعلیٰ

لاہور (25 اپریل 2021ء) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن محمد رفیق نجم نے کہا ہے کہ اسلام خیر خواہی کا دین ہے جو معاشرے کے تمام طبقات میں ا من و سکون و باہمی رواداری اور ہمدردی کو فروغ دینے کے احکامات دیتا ہے۔ دین اسلام اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے ساتھ ادب اور احسان کا درس دیتا ہے۔ حسن سلوک ہی ہے جس کی وجہ سے آپس میں انس و اخوت کا رشتہ قائم ہو جاتا ہے مسلمان تعلیمات نبوی ﷺ سے رہنمائی لے کر بندگی کے آداب سیکھتے ہیں۔ رمضان المبارک کردار سازی، تزکیہ نفس، خود احتسابی کا مہینہ ہے۔ حضور نبی اکرم ﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت ہیں۔ اسلام سلامتی، رحمت اور امن کا دین ہے۔ دین اسلام دہشت گردی، انتہا پسندی اور شدت پسندی کی ہرگز اجازت نہیں دیتا۔ آج بھی کسی بھی معاشرے کو معیاری، مثالی اور پر امن بنانے کیلئے لازمی ہے کہ ہم خود شناسی، تعلیم و تربیت اور کردار سازی پر توجہ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج یوتھ لیگ کے رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں مرکزی صدر مظہر محمود علوی، منصور قاسم اعوان، انعام مصطفوی، حاجی فرخ، محسن شہزاد موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں ہم اپنا تزکیہ نفس کریں۔ انسانیت کی تشکیل نو کریں۔ محسن انسانیت حضور اکرم ﷺ کے احکامات اور تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ہر فرد اپنا محاسبہ و اصلاح کرے تاکہ ہم ایک مثالی معاشرے کے مثالی فرد بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی سیاسی، سماجی اور معاشی صورتحال تشویشناک ہے۔ وطن عزیز کو بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی چار دہائیوں سے جدوجہد ہے کہ نوجوانوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دے کر ان کی کردار سازی کر کے ایک مثالی، خوشحال اور پر امن معاشرہ تشکیل دیا جائے۔ تحریک منہاج القرآن کے اسکالرز پاکستان سمیت دنیا بھر میں دوروس عرفان القرآن کے ذریعے لوگوں کو دین کی طرف راغب کر رہے ہیں اور نوجوانوں کی کردار سازی پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں ایک ماہ کی تربیت انسان کو مکمل طور پر تبدیل کر کے ایک اچھا اور نیک انسان بنا دیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک خیرات و صدقات کا مہینہ بھی ہے۔ تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے عہدیداران، رضاکار، کارکنان ملک بھر میں شب و روز مستحقین میں راشن تقسیم کر رہے ہیں۔ منہاج القرآن کے تعلیمی اداروں میں ہزاروں مستحق طلبہ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اس ماہ مبارک میں ہم ضرورت مندوں کی مدد کر کے اللہ کریم کو راضی کر سکتے ہیں۔ منہاج القرآن کے اسکالرز دوروس قرآن کے ذریعے لوگوں کی اخلاقی تربیت کر رہے ہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top