احتیاطی تدابیر کسی صورت نظر انداز نہ کی جائیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

غیر ضروری آمدورفت ختم اور تقریبات کو ایس او پیز کے مطابق محدود کر دیا جائے
پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں: قائد منہاج القرآن

لاہور (26 اپریل 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر انتہائی خطرناک اور ایک آفت ہے۔ احتیاطی تدابیر کو کسی صورت نظر انداز نہ کیا جائے۔ غیر ضروری آمدورفت ختم اور تقریبات کو ایس او پیز کے مطابق محدود کر دیا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اپنے اور اپنے خاندان کے افراد کی زندگی اور صحت کی حفاظت کیلئے ہر ممکن احتیاط سے کام لیا جائے۔ پرہجوم مقامات پر جانے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال یقینی بنائیں اور صفائی کا بھرپور خیال رکھیں۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے جملہ ذیلی فورمز، تنظیمات اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ احتیاط کریں، غیر ضروری آمدروفت کو ختم کریں، قومی و عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں ان پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر روز پاکستان سے کورونا وائرس کی وباء کے متاثرین کی تعداد میں اضافہ اور اموات کی خبریں سن کر دل بہت دکھی ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسی آفت ہے کہ احتیاط ہی جس کا بہترین علاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں اللہ رب العزت کے حضور دست بستہ دعاگو ہیں کہ وہ اس آفت سے نجات دے اور جو لوگ اس وائرس کا شکار ہوگئے ہیں ان کو صحت کاملہ و عاجلہ سے نوازے اور جملہ اہلیان پاکستان کی حفاظت فرمائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top