ناانصافی، غربت اور انتہاپسندی کو جنم دیتی ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین قادری

اسلام میں مال و دولت کے ذخائر جمع کرنے کو بڑا گناہ قرار دیا گیا ہے
روزہ کی بھوک پیاس سے دوسروں کی تکالیف کو محسوس کرنے کا موقع ملتا ہے
اسلام کا معاشی نظام عدل اور اعتدال پر استوار ہے: صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل

لاہور (28 اپریل 2021ء) صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ معاشی و سماجی انصاف اور جذبہ اخوت اسلامی سوسائٹی کا طرہ امتیاز ہے اوراسلام کا معاشی نظام عدل اور اعتدال پر استوار ہے۔ اسلام میں مال و دولت کے ذخائر جمع کرنے کو بڑا گناہ قرار دیا گیا ہے۔ اسلام دولت کے انبار نہیں اخلاقیات،اقدار اور کردار پر مبنی معاشرے کی تشکیل چاہتا ہے۔ ناانصافی، غربت، انتہا پسندی اور تشدد کو جنم دیتی ہے۔ انفرادی اور اجتماعی سطح پر عدل و انصاف کا قیام ریاست کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ صبر، قناعت اور میانہ روی اختیار کرنے کے اسلامی، روحانی اور انسانی اسباق سے مزین ہے۔ اس ماہ مبارک میں انسان کو بھوک، پیاس کے ذریعے دوسروں کی تکالیف کو محسوس کرنے کا موقع ملتا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین کا مزید کہنا تھا کہا کہ اسلام میں دولت کا ارتکاز ایک گناہ اور عارضہ ہے اس سے سوسائٹی کی اجتماعی خوشحالی جمود کا شکار ہوتی ہے۔ اسی لئے سرمائے کی نقل و حمل پر زور دیا جاتا ہے اور اس کے ارتکاز کو منع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر کلمہ گو مسلمان ایمانداری کے ساتھ زکوٰۃ، صدقات، خیرات ادا کرتا رہے تو اس سے غربت اور بیروزگاری کو کم کرنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔ مال و دولت کے انبار اکٹھے کرنا اور دوسرے انسانوں کا استحصال کرنا ایک گناہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں فرمایا جو لوگ سونا اور چاندی ذخیرہ کرتے ہیں اور اسے اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے تو انہیں دردناک عذاب کی خبر سنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی معاشرہ کی پہچان اعتدال ہے۔ اللہ رب العزت نے فرمایا کھاؤ، پیو مگر حد سے زیادہ خرچ نہ کرو۔ انہوں نے مزید کہا کہ زکوٰۃ کی ادائیگی، مستحقین کی مدد اور صدقہ و خیرات کے ذریعے سوسائٹی میں موجود معاشی ناہمواریوں کو درست کیا جا سکتا ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top