انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے شعبہ صحافت اہم کردار ادا کررہا ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 03 مئی 2021ء

مظلوم پر جب سب دروازے بند ہو جاتے ہیں تو صحافت کا دروازہ کھلا رہتا ہے
سچ بولنے کی پاداش میں کئی صحافی جان سے گئے: قائد تحریک منہاج القرآن

لاہور (3 مئی 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شرفِ انسانی کی حرمت، فرد کی سلامتی، شہری مساوات، آزادی اظہار اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے صحافت کا شعبہ اہم کردار اداکررہا ہے اور ہر دور میں صحافیوں نے حق گوئی کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور حق گوئی کی پاداش میں کئی صحافی جان سے بھی گئے۔ شعبہ صحافت قومی سلامتی کے تحفظ، حقیقی جمہوریت کے فروغ، سسٹم کی قباحتوں کی نشاندہی اور قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ صحافت کا پلیٹ فارم مظلوم اور دکھی انسانیت کیلئے انصاف کی فراہمی کی ایک امید بھی ہے جب مظلوم پر شنوائی کے سب دروازے بند ہو جاتے ہیں تو ان حالات میں بھی صحافت کا دروازہ کھلا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جہاں زندگی کے دیگر شعبہ جات کا کردار محدود ہوتا چلا جارہا ہے وہاں صحافت کے شعبہ کی آزادی کو بھی محدود اور مسدود کرنے کے لئے حیلہ گری کی جاتی ہے کیونکہ طاقتور طبقہ کے لئے کھرا سچ سننا بہت مشکل ہے۔انہوں نے کہا کہ جو صحافی اور صحافتی ادارے دباؤ، لالچ،خوف کو مسترد کر کے عوام تک حقائق پہنچاتے ہیں وہ پیغمبرانہ طریق پر ہیں اور یہی صحافی اور صحافتی ادارے سوسائٹی کا وقار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنی جان پر کھیل کر عوام کو تصویر کا دوسرا رخ دکھاتے ہیں۔ ایسے تمام صحافی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ صحافت، بیداری شعور،انسانی حقوق کے تحفظ اور قدرتی آفات سے شہریوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہمیشہ اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا ہے، آج کل امت مسلمہ اور پوری انسانیت کورونا وائرس کی زد پر ہے اس سے محفوظ بنانے کے لئے بھی شعبہ صحافت اپنا مثبت کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ صحافت کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ آزادی اظہار کے حق کے غلط استعمال کو بند کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top