مولائے کائنات سراپا پیکر زہد و ورع تھے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 03 مئی 2021ء

حضرت علیؑ فرماتے ’’اے دنیا تیری دی ہوئی کامیابی حقیر کسی اور کو فریب دے‘‘
مولا علیؓ نے حسنین کریمین کو ظالم سے لڑنے، مظلوم کی مدد کرنے کی نصیحت فرمائی
سیدنا علی المرتضیٰؑ کی ولادت کائنات کے افضل ترین مقام کعبۃ اللہ میں ہوئی
شیر خدا شجاعت اور ایثار میں اپنی مثال آپ تھے: چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن

لاہور (3 مئی 2021ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کے موقع پراپنے بیان میں کہا کہ مولائے کائنات سراپا پیکر زہد و ورع تھے۔ دنیا کے تاج و تخت آپ کے پاؤں میں تھے مگر آپ فرماتے تھے اے دنیا میرے علاوہ کسی اور کو فریب دے تیری دی ہوئی کامیابی حقیر، تیرے خطرات بھیانک،تیری عمر کوتاہ ہے۔ مولا علیؑ نے حسنین کریمین کو نصیحت فرمائی کہ ہمیشہ ظلم اور ظالم سے لڑنا اورمظلوم کی مدد کرنا۔ سیدنا علی المرتضیٰؑ کائنات کے وہ خوش بخت انسان ہیں کہ جن کی ولادت کائنات کے افضل ترین مقام کعبۃ اللہ میں ہوئی اور کائنات کا یہ واحد عظیم المرتبت نو مولود ہے کہ جس کی پہلی نگاہ چہرہ مصطفی ﷺ پر پڑی اور اس خوش بخت بندہ خدا نے زندگی کی ہر سانس رسول خدا ﷺ کے سایہ شفقت میں لی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے مزید کہا کہ سیدنا علیؑ کی سیرت میں حضور نبی اکرم ﷺ کی سیرت جھلکتی ہے۔آپ نے آخری سانس تک ظلم و بربریت کے خلاف جہاد کیا۔آپ غرباء کی معاشی کفالت کرتے تھے،پیکر جود و سخا تھے، بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے شفقت کرتے تھے۔ آپ ہمیشہ فرماتے تھے فقراء و مساکین کو اپنے معاش میں شریک کرو۔ عفو درگزر کا یہ عالم تھا کہ جب دشمنان خدا ان کی تلوار کے نیچے بے کس و پا پڑے معافی مانگتے تو آپ معاف فرما دیتے۔ آپ ایک بہترین منتظم تھے اور آپ کو کائنات کی بعد از خدا بزرگ و برتر ہستی نے شہر علم کا دروازہ قرار دیا۔ جب تک یہ دنیا قائم ہے اہل ایمان مولا علی شیر خدا کے بصیرت و ایمان افروز اور علم و دانش سے بھرے ہوئے اقوال سے ہدایت اور روشنی پاتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم سے مروی 12 ہزار سے زائد احادیث مبارکہ کا مجموعہ مسند امام علیؑ کے نام سے تالیف کر لیا ہے۔ حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم وہ واحد صحابی رسول ﷺ ہیں جنہوں نے سب سے زیادہ احادیث مبارکہ روایت کی ہیں۔ مسند امام علیؑ ایک ہزار سال کی علوم الحدیث کی تاریخ کا ایک نادر و نایاب علمی تحفہ ہے۔ مسند امام علیؑ عنقریب شائع ہو رہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top