لاک ڈاؤن سے مزدور خاندان مالی مشکلات کا شکار ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 08 مئی 2021ء

اللہ نے جنہیں مالی آسودگی عطا کی ہے وہ مستحقین کی بڑھ چڑھ کر مدد کریں
یہ وقت اسلام کی مواخات کی عظیم انسانی روایات کو زندہ کرنے کا ہے
دعا ہے اللہ تعالیٰ کورونا وائرس کی وباء سے انسانیت کو نجات دے: قائد منہاج القرآن

Shaykh ul Islam Dr Muhammad Tahir ul Qadri

لاہور (8 مئی 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن اور کاروبار بند ہونے سے لاکھوں مزدور خاندان مالی مشکلات کا شکار ہوئے ہیں، آزمائش کی اس گھڑی میں آسودہ حال ہمسائے اپنے غریب ہمسایوں، صاحب حیثیت رشتہ دار اپنے غریب رشتہ داروں اور دوست احباب اپنے سفید پوش دوستوں کو نظر انداز نہ کریں، دوسروں کے دکھ سکھ بانٹنا اسلام اور انسانیت کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت مواخات کی عظیم اسلامی انسانی روایات کو زندہ کرنے اور انسانی ہمدردی کے نبوی اسباق کو دہرانے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں اللہ نے رزق کی کشادگی اور آسودگی کی نعمت سے نوازا ہے وہ وباء کا شکار مستحقین کی مدد کر کے اللہ کی عطاء کردہ نعمتوں کا شکرادا کریں۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ آسودہ حال خاندان اور افراد رازداری کے ساتھ ان سفید پوش خاندانوں، ضرورت مندوں کی مدد کریں جو دست سوال دراز نہیں کرتے۔ یہ عمل اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو راضی کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کے ذمہ داران اور کارکنان سے بھی کہا کہ وہ رمضان المبارک کے بخشش کے اس آخری عشرہ میں اللہ کی خوشنودی کے لئے زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد کریں اور کورونا وائرس کے نتیجے میں جنم لینے والے معاشی مسائل کو دستیاب وسائل اور استعداد کے مطابق کم کرنے میں اپنا اسلامی، قومی و انسانی کردار ادا کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہل پاکستان، امت مسلمہ اور پوری انسانیت کو کورونا وائرس سے نجات دے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top