برے اعمال بحران اور پریشانیاں لاتے ہیں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

مورخہ: 10 مئی 2021ء

جب اللہ تعالیٰ راضی ہو گا تو سکون اور راحت میسر آئے گا
قائد تحریک منہاج القرآن کا معتکفین سے آن لائن خطاب
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کورونا وائرس سے نجات کے لئے خصوصی دعا کروائی

لاہور (10 مئی 2021ء) تحریک منہاج القرآن کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شب قدر کے موقع پر معتکفین سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پریشانیوں اور بحرانوں سے بچنے کے لئے انسان اپنے آپ کو گناہ گار، خطا کار سمجھتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگے۔ برے اعمال اور گناہوں سے توبہ کر کے اللہ کریم کو راضی کریں۔ سکون و راحت کے تمام خزانے اللہ تعالیٰ کے پاس ہیں، جب اللہ تعالیٰ راضی ہو گا تو اپنے فرمانبردار بندوں کو سکون اور راحت عطاء کرے گا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ اللہ کریم گناہوں کو چھوڑنے اور فرمانبرداری اختیار کرنے سے ہی راضی ہوتا ہے۔ برے اعمال اللہ کی ناراضگی اور عذاب کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے سکونی، بدامنی، قتل و غارت گری، رزق کی کمی، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ہمارے معاشرے کی پہچان بن چکے ہیں۔ برے اعمال کا نتیجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت ہم پر سایہ فگن نہیں رہی۔ قدرتی آفات، زلزلے، سیلاب، ڈینگی، کورونا وائرس یہ سب اللہ رب العزت کی طرف سے بندوں کے اعمال پر اظہار ناراضگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رب تعالیٰ کی ناراضگی فقط آخرت اور جہنم تک محدود نہیں بلکہ دنیاوی زندگی بھی اللہ تعالیٰ کے غضب سے آزاد نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ دنیا و آخرت دونوں کا رب ہے۔ دنیا دارالعمل ہے تو آخرت دارالجزا ہے۔ انسان کی اخروی نجات اس کے دنیاوی اعمال پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کریم دنیاوی زندگی میں لوگوں کو اپنے غیض و غضب کے ذریعے نیک اعمال کی طرف متوجہ اور برائیوں کے انجام سے متنبہ فرماتا ہے تاکہ لوگ رجوع الی اللہ کی اپنی اصل منزل بھول نہ پائیں۔

شیخ الاسلام نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسان کو اپنی معرفت و قربت اور اپنی عبادت و بندگی کی طرف متوجہ کرنے کے لئے موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شب قدر بڑی بابرکت، فضیلت و اہمیت والی رات ہے۔ یہ وہ عظمت والی رات ہے جس میں قرآن مجید نازل ہوا۔ قرآن مجید کا نزول پوری انسانیت کے لئے خیر و برکت کا پیغام ہے۔ اس عظیم شب میں گناہ گاروں کی بخشش ہوتی ہے۔ کوشش کریں کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی مقدس راتوں میں اللہ تعالیٰ کی عبادت کریں، گناہوں کی معافی مانگیں، مغفرت طلب کریں اور ایسے اعمال کریں کہ اللہ ہم سے راضی ہو جائے۔ قرآن حکیم کی تلاوت کریں، حضور اکرم ﷺ پر درود و سلام بھیجیں۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی مقدس راتیں مسلمانوں پر اللہ کریم کا خاص احسان ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کورونا وائرس سے نجات کے لئے خصوصی دعا کروائی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top