شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کے بچوں اور بچیوں کیلئے عیدی

مورخہ: 15 مئی 2021ء

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتل ایک روز اپنے عبرت ناک انجام سے ضرور دوچار ہوں گے: ڈاکٹر طاہرالقادری
کارکنوں کو انصاف دلوانے کے لیے چوٹی کے وکلاء کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں: قائد منہاج القرآن
غیر جانبدار تفتیش سے قاتلوں کے چہروں پر پڑے ہوئے نقاب ہٹ جائیں گے
جب تک سانس چل رہی ہے انصاف کے لیے قانونی جنگ لڑتے رہیں گے

لاہور (15 مئی 2021ء) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء اور اسیران کو عیدالفطر پر عید کے تحائف بھجوائے، شہدا کے ورثاء کے بچوں اور بچیوں کو عیدی دی اور ان کے صبر و استقامت اور مشن کے ساتھ وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ بے گناہوں کی جانیں لینے والے ظالم اپنے عبرت ناک انجام کو ضرور پہنچیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب اور انصاف ہو کر رہے گا، انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے والے بھی اس کی سزا بھگتیں گے۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پہلا کیس ہے جس میں غریب اور کمزور فرعون صفت قاتلوں کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم مظلوموں کو انصاف دلوانے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے لے کر ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ تک قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کارکنوں کو انصاف دلوانے کے لیے پاکستان کے نامور وکلاء کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں ہم ان وکلاء کے ذریعے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں جن کا نام اور شہرت بین الاقوامی ہے، انہوں نے کہا کہ کارکن میرے بیٹے اور بیٹیاں ہیں انہیں انصاف دلوانے کے لیے قانونی جدوجہد کی ہر حد تک جائیں گے، انہوں نے کہا کہ 7 سال سے غیر جانبدار تفتیش کا حق مانگ رہے ہیں کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود انصاف نہیں مل رہا، تاہم ہم مایوس نہیں ہیں، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد آخری سانس تک جاری رہے گی سانحہ ماڈل ٹاؤن کی غیر جانبدار تفتیش سے ہی قاتلوں کے چہروں پر پڑے ہوئے نقاب ہٹیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top