نوجوان جدید ذرائع ابلاغ کا دینی اقدار و تعلیمات کے مطابق استعمال یقینی بنائیں: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 17 مئی 2021ء

قائد تحریک منہاج القرآن کا ہزاروں سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے آن لائن خطاب
تصدیق کئے بغیر معلومات پھیلائیں اور نہ اس پر آنکھیں بند کر کے یقین کریں
آن لائن اجلاس میں یورپ، امریکہ، گلف، پاکستان سے منہاج سائبر ایکٹوسٹس شریک ہوئے
سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اسلام اور پاکستان کی آئیڈیالوجی کا دفاع کریں، شرانگیزی کا راستہ روکیں

social media

لاہور (17 مئی 2021) قائد تحریک منہا ج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک اور منہاج القرآن کے ہزاروں سوشل میڈیا ایکٹوسٹس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان جدید ذرائع ابلاغ کا دینی اقدار و تعلیمات اور سماجی، اخلاقی روایات کے مطابق استعمال یقینی بنائیں۔ سوشل میڈیا رواں صدی کا پاور فل ذریعہ ابلاغ و اظہار ہونے کے ساتھ بہت حساس معاملہ بھی ہے اس کے مثبت استعمال کے جہاں ثمرات ہیں وہاں اس کا منفی استعمال بہت بڑا فتنہ بھی ہے۔ جو شخص جس نیت کے ساتھ سوشل میڈیا کا استعمال کرے گا ویسے ہی نتائج ظاہر ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ایکٹوسٹ کو تھوڑے سے وقت میں لاکھوں لوگوں سے مخاطب ہونے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔ مخاطب کی گفتگو مثبت ہوتو یہ نیکی اور کار ثواب ہے اگر مخاطب تہمت، الزام تراشی، تقسیم اور انتشار کی سوچ کے ساتھ بات کرے گا تو وہ گناہ، فتنہ اور شر انگیزی کا مرتکب ہو گا، ہر نوع کی شر انگیزی سے بچیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر سیاق و سباق کو کاٹ کر گفتگو وائرل کی جاتی ہے، جو دھوکہ، دجل اور بد عنوانی ہے جس کا سادہ لوح افراد پر بہت منفی اثر پڑتا ہے، اس بدعنوانی، تہمت اور الزام تراشی سے دور رہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے مختلف ٹولز آج کے دور میں تعلیم و تربیت کی فراہمی، نیکی کے فروغ کا بہت بڑا ذریعہ ہیں، ان ٹولز کا اسی سوچ کے ساتھ استعمال کریں۔ سوشل میڈیا کے موثر اور با مقصد استعمال کی تربیت حاصل کی جائے۔ سوشل میڈیا ایکٹوسٹس اپنے مطالعہ کو وسیع کریں، حقائق تک رسائی حاصل کریں، تحقیق کا راستہ اپنائیں۔ جدید ذرائع ابلاغ کے ٹولز کے استعمال کیلئے ٹریننگ لیں۔ بہترین انداز گفتگو اختیار کریں اور مصدقہ معلومات کے ساتھ عامۃ الناس سے مخاطب ہوں، اپنی ساکھ کبھی خراب نہ ہونے دیں آپ کا چہرہ دیکھ کر لوگ سوچیں ہم ایک سچے اور پڑھے لکھے شخص کو سن رہے ہیں۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ منہاج القرآن کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹس کو سختی سے ہدایت دیتا ہوں کہ ہر قسم کی الزام تراشی سے دور رہیں، بغیر تصدیق اور تحقیق کے کوئی معلومات شیئر نہ کریں۔ جس طرح بات کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اسی طرح بات سننے والے کا بھی یہ حق ہے کہ اس تک درست معلومات پہنچیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر فضول بحثوں میں بہت مغز ماری ہوتی ہے، وقت ضائع کیا جاتا ہے، فضول بحثوں میں الجھنے سے بچیں۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے فروغ امن، تصنیف و تالیف، تعلیم و تربیت اور فلاحی امور، تعلیمی انسٹی ٹیوشنز کے قیام میں بے شمار کام کئے ہیں ان کاموں کو نیکی کے فروغ کی نیت کے ساتھ عامۃ الناس تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج سائبر ایکٹوسٹس اور سوشل میڈیا ورکنگ کونسل کے ذمہ دار اسلام، پاکستان کی آئیڈیالوجی کے دفاع کیلئے اپنا بھر پور قومی و دینی کردار ادا کریں۔ ہر ایکٹیوسٹ مشن کا سفیر ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top