منہاج یوتھ لیگ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے 17 جون کو ملک گیر احتجاج کرے گی۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس میں فیصلہ

مورخہ: 01 جون 2021ء

منہاج یوتھ لیگ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کیلئے 17 جون کو ملک گیر احتجاج کرے گی۔ فیصلہ
”نئے پاکستان“کا نعرہ یوتھ کی خوشحالی کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، مظہر محمود علوی
نوجوانوں کو روزگاردینے کیلئے بجٹ میں خصوصی گرانٹ منظور کی جائے، حکومت سے مطالبہ
کسی حکومت نے نوجوانوں کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی۔ صدر منہاج یوتھ لیگ
منصور قاسم اعوان، ہارون ثانی، عمر قریشی، انعام مصطفوی، محسن شہزاد کی اجلاس میں شرکت

لاہور (یکم جون 2021) منہاج یوتھ لیگ کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر مظہر محمود علوی نے کی۔ اجلاس میں مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج یوتھ لیگ کور کمیٹی کی ہدایات کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف نہ ملنے پر 17 جون 2021 کو ملک گیر پُرامن احتجاج کرے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج یوتھ لیگ 22 اگست کو نیشنل یوتھ ایوارڈز کے عنوان سے ایک بڑی تقریب منعقد کرے گی جس میں با صلاحیت نوجوانوں کو ایوارڈز دئیے جائیں گے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو روزگار دینے اور سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بجٹ میں خصوصی گرانٹ بھی منظور کی جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مظہر محمود علوی نے کہا کہ زندہ دل اور خوشحال معاشروں میں نوجوان ہمت، طاقت اور امید کا مظہر ہوتے ہیں۔ تاریخ کا دھارا تبدیل کرنے اور معاشرے کی درست سمت کا تعین کرنے میں نوجوان نسل نے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اقوام اپنی نوجوان نسل کو قیمتی اثاثہ کے طور پر پروان چڑھاتی ہیں، وہی اقوام ترقی و خوشحال معاشرے کی ضامن ہوتی ہیں۔ مرکزی صدر نے کہا کہ پچھلی سات دہائیوں سے ہر حکومت نے نوجوانوں کو مایوس کیا ہے۔ خوش قسمتی سے پاکستان کی 60 فی صد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ بدقسمتی سے کسی بھی حکومت نے نوجوانوں کے مسائل کے حل پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جارہی ہے۔ موجودہ حکومت کو بھی اقتدار نوجوانوں کی وجہ سے ملا۔ حکمرانوں کو یہ سمجھنا ہو گا کہ ”نئے پاکستان“ کا نعرہ یوتھ کی خوشحالی کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔ منہاج یوتھ لیگ اس فرسودہ نظام میں اصلاحات چاہتی ہے۔ ملک کی بقا اور بہتری اسی میں ہے کہ آبادی کے اس نصف سے زائد طبقے کو گائیڈ لائن، رہنمائی اور درست سمت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نے ہمیشہ امن اور برداشت کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ ریاست کو بھی ایک قدم آگے بڑھ کرنوجوانوں کو اپنی اصل طاقت مان کر سوچ بچار کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ نوجوانوں کے درخشاں مستقبل اور قیام امن کیلئے برسر پیکار ہے۔ نوجوان نسل کی علمی، فکری اور نظریاتی تربیت کیلئے کوشاں ہیں۔

اجلاس میں منصور قاسم اعوان، ہارون ثانی، عمر قریشی، انعام مصطفوی، محسن شہزاد، محمد ذیشان، رانا وحید شہزاد، ڈاکٹر عمران سمیت زونل و ضلعی صدور نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top