”تعلیمی شعبے سے کرپشن ختم کرنے کیلئے نیب خصوصی ڈیسک قائم کرے“
19 ویں صدی کا نصاب 21 ویں صدی کے تقاضے پورے نہیں کر
سکتا: ڈاکٹر قیس اسلم
تعلیم کے معاملے میں سرکاری بیانات اور عملی اقدامات میں فرق ہے: خرم نواز گنڈاپور
ایجوکیشن بجٹ سیمینار سے عرفان یوسف، نوراللہ صدیقی، اجمل جامی، اسد اللہ خان کا
خطاب
سہیل چیمہ، ڈاکٹر مبشر، دانش وڑائچ، زاہد مہدی، حافظ عامر، عمار کشمیری کا اظہار خیال
لاہور (5 جون 2021ء) مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام منعقدہ ”ایجوکیشن بجٹ سیمینار“ سے خطاب کرتے ہوئے معروف اکانومسٹ ڈاکٹر قیس اسلم نے کہا کہ 19 ویں صدی کی سوچ کے ساتھ ہم 21 ویں صدی کے تقاضے پورے نہیں کر سکتے۔ ریاست جو تعلیم دے رہی ہے وہ عصری ضروریات سے ہم آہنگ نہیں ہے۔ ہمارا نظام تعلیم تخلیق اور تحقیق کے جوہر سے عاری ہے۔
ایجوکیشن بجٹ سیمینار سے ناظم اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈاپور، معروف اینکر پرسن اجمل جامی، سینئر صحافی و اینکر پرسن اسد اللہ خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ایم ایس ایم کے مرکزی چوہدری عرفان یوسف، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صدر سہیل چیمہ، اہل حدیث سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی رہنما ڈاکٹر مبشر جاوید، دانش وڑائچ انجمن طلبہ اسلام، زاہد مہدی اسلامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن، عمار کشمیری نائب صدر جمعیت طلبہ محاذ نے خطاب کیا۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ دکھی دل سے کہنا پڑ رہا ہے کہ تعلیم کے معاملے میں حکومتوں کے بیانات اور عملی اقدامات میں فرق ہوتا ہے۔ تعلیم پہلی ترجیح ہوتی تو پاکستان کی 50 فیصد آبادی ناخواندہ نہ ہوتی۔ اجمل جامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبہ کو درپیش مسائل سوشل میڈیا پر اٹھائے جائیں۔
سینئر اینکر پرسن اسد اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لفظ اپنی تاثیر کھو چکے میڈیا کی موثریت ختم ہو گئی اب سوشل میڈیا کا راج ہے۔ نوجوان اپنے مسائل کے حل کیلئے سوشل میڈیا کا موثر استعمال کریں۔
چوہدری عرفان یوسف نے کہاکہ اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے یہ کل بھی سنتے تھے آج بھی سن رہے ہیں مگر یہ بچے سکولوں میں کیسے آئیں گے کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آ رہی۔ تمام طلبہ تنظیموں نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا کہ تعلیمی بجٹ جی ڈی پی کے 5 فی صد کے برابر لایا جائے، اساتذہ کی ٹریننگ اور انکے مسائل حل کئے جائیں، یکساں نصاب تعلیم بلاتاخیر رائج کیا جائے، بذریعہ قانون سازی اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ منتخب نمائندوں کے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھیں گے۔ تمام طلبہ تنظیموں نے مطالبات کی متفقہ منظوری دی۔ تعلیمی شعبے کو کرپشن سے پاک کرنے کیلئے نیب میں خصوصی ڈیسک قائم کیا جائے۔
تبصرہ