گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
تحریک منہاج القرآن کے گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع مرکزی سیکرٹریٹ میں 5 جون 2021ء کو منعقد ہوا، جس میں صدر منہاج القرآن ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کیا۔ آپ نے بتایا کہ گوشہ درود کے قائم کر دہ نظام کے تحت ماہ مئی 2021ء میں پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 90 کروڑ 83 لاکھ 92 ہزار اور 754 ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 4 کھرب 63 ارب 81 کروڑ 24 لاکھ 93 ہزار اور 353 مرتبہ درود پاک پڑھا جا چکا ہے۔
ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں ’’غصہ کے بگاڑ‘‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسان میں غصہ کا ہونا ایک فطری عمل ہے لیکن اس کا استعمال انسان کی شخصیت کو بگاڑتا اور سنوارتا ہے۔ شدید غصہ انسان کے جذبات کو منفی جذبات میں تبدیل کر دیتا ہے۔ منفی جذبات سے انسان کی ساری شخصیت میں منفی رجحانات پیدا ہوتے ہیں، جسے اجتماعی معاشرتی بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان کے معروضی معاشی حالات اور مالی مسائل کی وجہ سے مجموعی طور پر آج معاشرہ غصہ کے منفی اثرات سے بھرا پڑا ہے۔ لوگ معمولی معمولی باتوں پر فوری لڑائی جھگڑے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔ معاشرہ میں عدم برداشت کا پہلو تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غصہ قابو کرنے کے نبوی طریقہ پر عمل کیا جائے تو انسان غصہ کے ہر پہلو پر باسانی کنٹرول کر سکتا ہے۔ ہر حال میں صبر کرتے ہوئے خوش رہنا سیکھیئے، یہی غصہ کو کنٹرول کا علاج ہے۔ اللہ پر بھروسہ کریں اور نیک اعمال کرتے ہوئے صرف اللہ سے جزا کے طلبگار رہیں۔ دوسری جانب غصہ کے منفی رحجانات کو کنٹرول کرنے سے معاشرتی حسن پیدا ہو گا۔
اس سے پہلے ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروگرام کا آغاز نماز عشاء کے بعد تلاوت و نعت سے ہوا۔ گوشہ درود کے وظائف بھی پڑھے گئے۔ اختتامی دعا میں امت مسلمہ اور ملک پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تبصرہ