فریضہ حج اجتماعیت، اتحاد و یگانگت کا آئینہ دار ہے: علامہ رانا محمد ادریس

قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و ہمدردی کا جذبہ پیدا کرنا ہے
جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

Rana Muhammad Idrees

لاہور (16 جولائی 2021) نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ حج بیت اللہ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ایک ایسا رکن ہے جو اجتماعیت، اتحاد و یگانگت کا آئینہ دار ہے۔ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور ان کی دعائیں قبولیت سے سرفراز ہوتی ہیں۔ حجاج کرام ہر قسم کی برائی کا خاتمہ کرنے کا عہد کرتے ہوئے نیکیوں کے حصول کی جانب ایک نئے سفر کا آغاز کرتے ہیں۔ قربانی ایک عظیم الشان عبادت، فریضہ اور ملت ابراہیمی کی بے مثال اخلاقی روحانی تربیت کا ذریعہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہماری زندگیوں کو ایک بار پھر ذی الحج کے بابرکت عشرے کی نعمت سے سرفراز کیا ہے۔ ہر عظیم مقصد اور منزل کا حصول جذبہ ایثار سے مشروط ہے۔ عیدالاضحی پر قربانی محض جانور ذبح کرنے یا گوشت کی تقسیم کا نام نہیں ہے۔ قربانی کا مقصد مسلمانوں میں ایثار و ہمدردی کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن میں جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ کچھ اعمال ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ کا خاص قرب نصیب ہوتا ہے۔ قربانی بھی ان عظمت والے اعمال میں سے ایک ہے۔ حدیث مبارکہ ہے قربانی کے جانور کے ہر بال کے عوض ایک نیکی ملتی ہے اور قربانی کی قبولیت میں جو چیز بنیادی اہمیت کی حامل ہے وہ اللہ کی بارگاہ میں حسن نیت اور صدق و اخلاص ہے انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصود تقویٰ اور پرہیز گاری ہے، رضائے الہیٰ کے حصول کی نیت سے کی جانے والی قربانی کا اللہ کے ہاں بڑا اجر و ثواب ہے۔ اسلام کے ساتھ قربانی کے فریضے کو جوڑ کر یہ تعلیم دی گئی ہے کہ دوسروں کیلئے اپنے جذبات و احساسات کو قربان کر دینا عظمت انسانیت اور مقصد حیات ہے۔

علامہ رانا محمد ادریس نے کہا کہ عید الاضحی کی آمد آمد ہے، تمام لوگ اپنے عزیز و اقارب اور مستحقین کا خاص خیال رکھیں، یہی عمل اسلامی عبادات کی اصل روح اور اللہ کی خوشنودی کے حصول کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذی الحج کے مقدس ایام اور مبارک لمحات میں ملت اسلامیہ کے اتحاد، محبت اور بھائی چارے کیلئے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کے مسلمانوں کو انفرادی اور اجتماعی تکالیف سے نجات دے، بالخصوص پاکستان اور اسکے عوام کی حفاظت فرمائے اور انسانیت کو کورونا وائرس کی وبا سے محفوظ فرمائے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top