منہاج ویلفیئر کے تحت اجتماعی قربانیوں کے انتظامات مکمل

لاہور میں مرکزی قربان گاہ جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی گئی ہے
عید کے تینوں روز مریضوں اور جیل کے قیدیوں میں بھی کھانا تقسیم کیا جائے گا
خرم نواز گنڈاپور، سید امجد علی شاہ، جواد حامد کا مرکزی قربان گاہ کا دورہ
انتظامات کا جائزہ، جانوروں کی دیکھ بھال اور خوراک کے حوالے سے خصوصی ہدایات

لاہور (19 جولائی 2021ء) منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت لاہور سمیت پورے ملک میں اجتماعی قربانی کے لئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ لاہور میں مرکزی قربان گاہ جدید سلاٹر ہاؤس میں قائم کی گئی ہے۔ مرکزی قربان گاہ میں جانور پہنچ چکے ہیں۔ عیدالاضحی کے تینوں روز گائے، دنبے اور چھترے ذبح کر کے سنت ابراہیمی کو ادا کیا جائے گا۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید امجد علی شاہ، سینئر رہنما جواد حامد و دیگر نے انتظامی کمیٹیوں کے سربراہان کے ہمراہ مرکزی قربان گاہ کا دورہ کیا۔ رہنماؤں نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ جانوروں کی دیکھ بھال، سکیورٹی اور خوراک کے حوالے سے خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن خرم شہزاد، حاجی منظور حسین، ایوب انصاری، میاں زاہد جاوید، سعید اختر و دیگر بھی موجود تھے۔

خرم نواز گنڈاپور نے مرکزی کمیٹیوں کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی قربانی کا گوشت ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر لائحہ عمل تیار کر کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے تینوں ایام کھانا پکا کر لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین میں تقسیم کیا جائے گا۔ قربانی کی خوشیوں میں جیل کے قیدیوں کو بھی شریک کیا جائے گا جس کے لئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے رضا کار مختلف جیلوں میں جا کر قیدیوں میں کھانا تقسیم کریں گے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہاکہ اس سال بھی ہزاروں افراد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کرتے ہوئے قربانی کے لئے اپنے حصے ایڈوانس جمع کروائے ہیں۔ عیدالاضحی کے تینوں روز ماہر قصابوں کی ٹیم علماء اور ویٹرنری ڈاکٹرز کی نگرانی میں شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کرے گی۔

ناظم اعلیٰ منہاج القرآن نے کہا کہ صاحب استطاعت سنت ابراہمی کی اتباع کرتے ہوئے اس عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کیلئے خدمات کھلی کتاب کی طرح ہیں۔ لاکھوں بچوں کو مفت تعلیم دی جارہی ہے، یتیم اور بے سہارا بچوں کیلئے آغوش کے نام سے عالمی معیار کے ادارے قائم کئے گئے ہیں جہاں انہیں مفت تعلیم، رہائش اور خوراک فراہم کی جاتی ہے۔ سندھ، پنجاب کے دور دراز کے علاقوں میں میٹھے پانی کے کنویں بھی کھدوائے جارہے ہیں۔ صاف پانی کی فراہمی کی سینکڑوں سکیمیں ابھی زیر تکمیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی پر ضرورت مند طبقے کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top