شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قربانی مہم کے دوران منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کردار کو سراہا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام اجتماعی قربانی مہم کے مثالی انتظامات پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کی جملہ قیادت بالخصوص منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے تمام ممالک، MWF ہیڈ آفس اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پاکستان کے ذمہ داران کو مبارکباد دی ہے۔ آپ تمام نے ذمہ داران کے نام اپنے مبارک بادی پیغام میں کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین پاک کے تصدق سے ہر سال کی طرح امسال بھی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تمام ممالک، MWF ہیڈ آفس اور پاکستان چیپٹر نے فریضہ قربانی کی ادائیگی کے لئے اپنا شاندار انتظامی کردار ادا کیا ہے اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے سینکڑوں والنٹیئرز نے مختصر وقت میں ہزاروں مستحقین کے گھروں تک قربانی کا گوشت پہنچایا ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ذمہ داران کے اس دینی اور انسانی فریضہ کی ادائیگی کی وجہ سے ہزاروں غریب گھرانے مستفید ہوئے ہیں، یہی اسلام اور مصطفوی تعلیمات ہیں کہ مستحقین کو خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ شیخ الاسلام نے اس کار خیر اور انسانی خدمت کے عمل میں حصہ لینے والے مرکزی، صوبائی، ضلعی، تحصیلی اور یونین کونسلز کے قائدین اور والنٹیئرز کو مبارک باد دی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت ایام عید میں انجام دی جانے والی اس دینی و انسانی خدمت کو قبول کرے اور اس کے بدلے میں خیر کثیر عطا فرمائے۔
تبصرہ