آئرلینڈ: منہاج القرآن کے زیراہتمام ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ کا انعقاد

MQI Ireland Mahfil e Durood

ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام منعقدہ ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ النبیؐ سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی جاوید عظیمی نے کہا کہ امت مسلمہ کی نشاة ثانیہ اور احیائے دین کے عالمگیر مقصد کو پورا کرنے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے تحریک منہاج القرآن کی بنیاد رکھی جس کے تعلیمی نیٹ ورک پوری آب و تاب کے ساتھ دنیا کے 90 ممالک میں پھیلا ہوا ہے میں سمجھتا ہوں کہ تحریک منہاج القرآن دور حاضر کی ایک ایسی دینی انقلابی تحریک ہے جس کے دعوتی۔ تبلیغی۔ اخلاقی۔ روحانی و اجتہادی اور تحریکی وتنظیمی پروگرام نے اہل ایمان کے نظریات اصلاح امت اور غلبہ دین حق کی بحالی کے لئے اہم کردار ادا کیا ہے جس پر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

علامہ مکرم مقصود نے اپنے خطاب میں کہا کہ اللہ رب العزت نے درود پاک کے عمل کو قرآن مجید میں صلوۃ کے لفظ کے ساتھ استعمال فرمایا اس کی اہمیت و فضیلت تو بہت زیادہ ہے اگر ہم لفظ صلاۃ کو ایک خاص پہلو سے دیکھیں کہ رب کائنات نے درود و سلام کو اہمیت دینے کے لیے اس کی عظمت و بلندی کے لئے اس عمل کو اپنی سنت بنا لیا یعنی باقی تمام امور عبادات۔ اذکار و تسبیحات وہ حضور نبی اکرمؐ کی سنت ہیں لیکن جس لمحے ہم درود و سلام پڑھتے ہیں اورمجلس صلاۃ النبیؐ میں حاضر ہوتے ہیں تو اس وقت ہم براہ راست سنت الہی ادا کر رہے ہوتے ہیں درود پاک کو دوسری عظمت رب کائنات نے یہ عطا فرمائی کے اپنی تمام عبادات میں سب سے افضل عبادت نماز میں درود پاک کو شامل فرما دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ درود پاک جامع الاذکار جامع العبادات ہے۔ حضور نبی اکرمؐ نے ارشاد فرمایا کہ جو شخص مجھ پر ایک مرتبہ درود پڑھتا ہے اللہ تعالی اس کے دس درجات بلند فرماتا ہے اور دس نیکیاں عطا فرماتا ہے اور دس خطاؤں کو معاف فرماتا ہے۔ اور یہ درود پاک وہ واحد عمل ہے جو اللہ رب العزت کی بارگاہ میں قطعی القبول ہے۔

محفل کا آغاز ڈاکٹر گلزار احمد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت ڈاکٹر ارسلان خان۔ جنید خالد اور ڈاکٹر گلزار احمد نے حاصل کی نظامت کے فرائض محی الدین نے ادا کیے جبکہ اس محفل کے مہمان خصوصی پاکستان سے علامہ مکرم مقصود تھے۔

محفل میں منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین کے علاوہ ہالینڈ سے سلسلہ عظیمیہ اور مراقبہ ہال ہالینڈ کے انچارج معروف صحافی ڈیلی روشنی انٹرنیشنل کے سرپرست اور چیف ایڈیٹر حاجی محمد جاوید عظیمی، منہاج القرآن کی تاحیات رفیق سید ذیشان شاہ آسٹریا کے معروف صحافی اور ہم نیوز کے نمائندہ عامر صدیق جب کہ پاکستان سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے نوجوان سکالر اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد علامہ مکرم مقصود اور محمد عزیر اور اس کے علاوہ آئرلینڈ سے علامہ حافظ محمد صدیق نقشبندی نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ کورونا وباء کی پابندیوں کے باعث یہ ورچوئل محفل تھی۔

تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور علامہ مکرم مقصود نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی، تمام امت مسلمہ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔

اس محفل میں جن معزز شخصیات نے شرکت کی ان میں علامہ مکرم مقصود۔ حاجی جاوید عظیمی۔ علامہ حافظ صدیق نقشبندی۔ عامر صدیق۔ ڈاکٹر گلزار احمد۔ ڈاکٹر ارسلان خان۔ حافظ سعید بھٹی۔ سید ذیشان شاہ۔ جنید خالد۔ زوہیب انصاری۔ عزیر خان۔ حافظ محمد عثمان۔ احمد رضا۔ علی حسنین اور وسیم بٹ شامل تھے۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top