ایم ایس ایم لاہور کے زیراہتمام شجرکاری مہم ’’گرین پاکستان موومنٹ‘‘ کا افتتاح

مورخہ: 07 اگست 2021ء

مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ لاہور کے زیراہتمام شجرکاری مہم "گرین پاکستان موومنٹ" کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں چوہدری عرفان یوسف مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے اپنے حصے کا درخت لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر شیخ فرحان عزیز سیکرٹری جنرل ایم ایس ایم پاکستان، علی قریشی صدر ایم ایس ایم لاہور، راشد مصطفوی ناظم دعوت ایم ایس ایم، احمد حسن جٹ صدر ایم ایس ایم منہاج یونیورسٹی اور منہاج یونیورسٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مرکزی صدر ایم ایس ایم پاکستان چوہدری عرفان یوسف نے کہا کہ گرین پاکستان موومنٹ کے تحت مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 10 ہزار کارکنان ایک لاکھ سے زائد درخت لگا کر ملک پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

عرفان یوسف نے کہا کہ سکول، کالجز اور یونیورسٹیز کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کو بھی اس اہم مہم کا حصہ بنایا جائیگا، لاہور سمیت پورے ملک میں شجر کاری کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کی جائیگی جس میں اپیل کی جائیگی کہ ہر پاکستانی آزادی کے اس مہینے میں کم از کم ایک پودا ضرور لگائے تاکہ ملک کو سرسبزو شاداب بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان کے عنوان سے سیمینارز، کانفرنسز، واک اور تشہیر کے ذریعے آگاہی مہم پورے ملک میں شروع کی جائے گی۔ عوام الناس کو آگاہی مہم کے ذریعے بتایا جائے گا کہ درخت لگانا کتنا اہم ہے، عوام کو آگاہ کیا جائے گا کہ درخت لگانا جس قدر اہم ہے اس سے کہیں زیادہ اہم اس کی حفاظت کرنا ہے، نرم و نازک پودوں کو اپنی جڑوں کی مضبوطی کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔ اگر ہم زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور پھر ان کی دیکھ بھال بھی پوری ذمہ داری سے کریں، کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان میں جنگلات کے رقبے میں اضافے کے ساتھ ساتھ ماحول اور موسم میں بھی بہتری آ جائے گی۔مصطفوی سٹوڈنٹس کی گرین پاکستان مہم پورا ماہ اگست جاری رہے گی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top