منہاج القرآن کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ کا ہندو کمیونٹی کے رہنماؤں کو ٹیلیفون
مندر پر حملہ کے واقعہ پر قائد تحریک منہاج القرآن کی طرف سے اظہار افسوس کیا
سہیل رضا نے ڈاکٹر رمیش کمار، ویر جی کوہلی، مسٹر چیلا رام اور مسٹر کانجی رام کو ٹیلیفون کیا
لاہور (7 اگست 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے صادق آباد رحیم یار خان میں مندر پر حملہ کے افسوسناک واقعہ پر قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور صدر تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کی طرف سے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی صدر پاکستان ہندو کونسل، مسٹر چیلا رام کیولانی چیئرمین نیشنل مینارٹیز کمیشن پاکستان، مسٹر ویر جی کوہلی معاون خصوصی مینارٹیز افیئر صوبہ سندھ، ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب مسٹر کانجی رام اور رکن صوبائی اسمبلی کے پی کے مسٹر روی کمار کو ٹیلیفون کر کے اظہار افسوس کیا اور واقعہ کی پرزور مذمت کی۔ سہیل رضا نے کہا کہ مٹھی بھر شر پسند عناصر عبادت گاہوں پر حملے کر کے اسلام اور پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور پاکستان میں بین المذاہب رواداری کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تمام محب وطن پاکستانی مینارٹیز کا احترام کرتے ہیں اور وہ ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی شرپسند کسی مذہبی اقلیت کی عبادت گاہ اور ان کی مذہبی، سماجی اقدار کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ جو قانون ہاتھ میں لے گا اُسے اس کی سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مندر پر حملہ کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ملوث عناصر کو کڑی سزا دی جائے۔ سہیل رضا نے اس واقعہ کے خلاف چیف جسٹس آف پاکستان کے سوموٹو ایکشن کا خیر مقدم کیا۔
تبصرہ