منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ”ہم سب کا پاکستان“ سیمینار
جنگلات کاٹنے والے مافیا کا محاسبہ کیا جائے، آزادی سیمینار سے مقررین کا خطاب
ٹمبر مافیا کے خلاف ہماری حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی ہے: سینیٹر اعجاز چودھری
سیمینار کے اختتام پر رہنماؤں نے درخت لگائے اور ملکی سلامتی کے لئے دعا کی
ڈاکٹر طاہرالقادری تعلیمی اداروں کے ذریعے جہالت اور فکری آلودگی ختم کررہے ہیں
خرم نواز گنڈاپور، مسرت جمشید چیمہ، سید یاسر گیلانی، پروفیسر ڈاکٹر اکرم رانا کا خطاب
لاہور (12 اگست 2021) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیراہتمام ”ہم سب کا پاکستان“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں مقررین نے مطالبہ کیا کہ جنگلات اور درختوں میں اضافہ شاندار قومی مہم ہے لیکن ماضی میں جنہوں نے بے دردی سے جنگلات اور درخت کاٹے ان کا محاسبہ بھی ضروری ہے۔ ایک سیاسی جماعت سے وابستہ طاقتور مافیا نے چھانگا مانگا کا پورا جنگل کاٹ کھایا۔ اس پر پنجاب اسمبلی میں ایک دن بحث بھی ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کو عبرتناک سزا دینے کے لئے کمیشن بھی بننا چاہیے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا کہ ٹمبر مافیا کے خلاف ہماری حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی ہے۔ ہم کرپشن کے خاتمے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے محفوظ مستقبل کی جدوجہد بھی کررہے ہیں۔ انہوں نے اہم موضوع پر سیمینار کا اہتمام کرنے پر ادارہ منہاج القرآن کا شکریہ ادا کیا اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علم اور فروغ امن کے لئے خدمات پر انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا۔
سیمینار سے پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، پنجاب حکومت کی ترجمان پارلیمانی سیکرٹری مسرت جمشید چیمہ، پی ایچ اے کے چیئرمین سید یاسر گیلانی، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے ڈین ڈاکٹر محمد اکرم رانا، پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، شعبہ پبلک اینڈ ریلیشنز کے ڈائریکٹر شہزاد رسول، پی ایچ اے کے وائس چیئرمین حافظ ذیشان رشید نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ سیمینار کے اختتام پر رہنماؤں نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں درخت بھی لگائے۔
خرم نواز گنڈاپور نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ کا ایک ہی مطلب ہے انصاف کا بول بالا۔ جس دن قانون کی نظر میں امیر اور غریب ایک ہو گئے اسی دن ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔
پارلیمانی سیکرٹری و ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ چھانگا مانگا کا جنگل ہم ازسرنو بحال کر رہے ہیں، جنہوں نے درخت کاٹے انہوں نے کروڑوں عوام کی زندگیاں داؤ پر لگائیں، ان شاء اللہ ایسے اقدامات کریں گے کہ دوبارہ کوئی ملک اور عوام کو نقصان پہنچانے کی جرأت نہیں کرے گا۔ پاکستان کی قدرتی خوبصورتی کو بحال کریں گے۔
پی ایچ اے کے چیئرمین سید یاسر گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں شہری آبادی بڑھنے سے گرین ایریا 60 فیصد تک کم ہو گیا۔ پی ایچ اے نے لاہور میں لاکھوں درخت لگائے ہیں۔ ان شاء اللہ لاہور کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کریں گے۔
ڈپٹی چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید نے کہا کہ بارش کے پانی کو سٹور کر کے شجرکاری مہم کے لئے استعمال کرنے کا پلان بنا لیا ہے۔
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد اکرم رانا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت درخت لگا کر ماحولیاتی آلودگی ختم کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری جہالت اور فکری آلودگی کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شجرکاری مہم کے حوالے سے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلباء فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر شرکاء اور رہنماؤں نے کھڑے ہو کر قومی ترانہ پڑھا اور ملکی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔ سیمینار میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے سینکڑوں طلبہ شریک ہوئے۔ سیمینار میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی مرکزی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شاندار تقریب کے اہتمام پر منہاج القرآن پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر شہزاد رسول، حاجی محمد اسحاق اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔
تبصرہ