پاکستان 21 کروڑ عوام کی محفوظ پناہ گاہ ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 13 اگست 2021ء

اللہ تعالیٰ تاقیامت پاکستان کو آباد اور شاد رکھے: قائد تحریک منہاج القرآن
قرآن نے سیاست، معیشت، معاشرت ہر شعبے میں جامع رہنمائی مہیا کی ہے

لاہور (13 اگست 2021) بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم آزادی پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان 21 کروڑ عوام کی محفوظ پناہ گاہ ہے۔ اللہ تعالیٰ پاکستان کو تاقیامت شاد اور آباد رکھے اور اسے بدخواہوں کی منفی چالوں سے محفوظ و مامون رکھے۔ انہوں نے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒ نے کمزوروں کے حقوق کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی۔ بانی پاکستان نے ترقی و خوشحالی اور استحکام کے لئے قوم کو ایک نسخہ کیمیا دیا تھا۔ بانی پاکستان نے فرمایا تھا قرآن مسلمانوں کا ہمہ گیر ضابطۂ حیات ہے جس نے زندگی کے ہر شعبے کے متعلق رہنمائی مہیا کی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ بانی پاکستان نے قرآن کی آفاقی فکر اور تعلیمات کا راز پا لیا تھا اسی لئے جب بھی ان سے پاکستان کے نظام سیاست و معیشت و معاشرت کے بارے میں سوال کیا جاتا تھا تو وہ کہتے تھے قرآن و سنت کے ذریعے 14 سو سال قبل جامع رہنمائی مل گئی تھی۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ قرآن محض نماز، روزہ، جنت دوزخ، حرام، حلال کے احکامات و رہنمائی تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ کتاب حکمت و دانائی ہے۔ قرآن مجید حکومت، سیاست، معیشت، معاشرت بین المذاہب ہم آہنگی، بین الاقوامی سفارتی تعلقات، فرد اور ریاست کے تعلق، اقلیتوں کے حقوق، خواتین، بوڑھوں، بزرگوں کے حقوق، بین المسالک رواداری سمیت سیاسی، سماجی زندگی کے ہر پہلو کے متعلق جامع رہنمائی مہیا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 27 رمضان المبارک کی شب وجود میں آیا اور اسی مبارک رات قرآن مجید کا نزول ہوا۔ امت قرآن مجید سے اپنا پختہ رشتہ جوڑ کر ہر نوع کے مسائل اور بحرانوں سے عہدہ برأ ہو سکتی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top