حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ عظیم صوفی بزرگ تھے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 14 اگست 2021ء

خود کو مخلوق خدا کیلئے وقف کر دینے والوں کے ذکر کو اللہ زندہ و جاوید کر دیتا ہے
صوفیاء نے اپنے کردار سے قریہ قریہ اسلام کی روشنی پھیلائی: چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (14 اگست 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ اور اہل للہ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ کے 779ویں عرس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ جو اہل ایمان خود کو اللہ اور اس کی مخلوق کیلئے وقف کر دیتے ہیں اللہ ان کے ذکر کو زندہ و جاوید کر دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ جیسے صوفیاء کرام اور اولیائے اللہ کے انسانیت دوست کردار کے باعث اسلام کی روشنی برصغیر کے گلی کوچوں تک پھیلی اور لاکھوں انسان ایمان کی دولت سے مالامال اور جام توحید سے فیض یاب ہوئے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ کرۂ ارض کی مستند ترین کتاب جس کا حرف حرف حکمت و دانائی کا مخزن ہے اس قرآن مجید کی پہلی سورۃ مبارکہ میں اللہ رب العزت نے مومنین کو کلمہ نصیحت ارشاد فرماتے ہوئے تعلیم دی کہ ہمیشہ ان کے راستے پر چلنے کی آرزو کرو جو اللہ کے منظور نظر اور انعام یافتہ بندے ہیں۔ حضرت بابا فرید الدین گنج شکر رحمۃ اللہ علیہ بھی انہی ہستیوں میں سے ہیں جن پر اللہ کے فضل کی صبح و شام بارش ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 7 سو سال میں برصغیر میں بڑے بڑے بادشاہ اور صاحب اقتدار آئے اور پھر چلے گئے ان بادشاہوں کی قبور سے آج دنیا واقف نہیں ہے مگر حضرت بابا فرید الدین گنج شکرؒ ہوں یا حضرت داتا علی ہجویریؒ، خواجہ غلام فریدؒ کوٹ مٹھن والی سرکار ہوں یا حضرت بابا بلھے شاہؒ، خواجہ معین الدین چشتی اجمیریؒ ہوں یا مولائے رومؒ اللہ نے ان عظیم ہستیوں کی قبور کو در مرجع خلائق بنا دیا جہاں صبح شام ہزاروں لوگ ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے اور علم و عمل اور ہدایت کی خیرات مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر کلمہ گو مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنے ایمان کی سلامتی و استحکام کیلئے اللہ کے انعام یافتہ بندوں کے نقش قدم پر چلنے کیلئے دعا کرے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top