منہاج القرآن انٹڑنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام محفل ذکر حسین علیہ السلام

مورخہ: 20 اگست 2021ء

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیراہتمام محفل ذکر حسین علیہ السلام کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ کمیونٹی کی اہم شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

محفل میں علامہ محمد عدیل اور پیر غلام دستگیر نے فلسفہ شہادت امام حسین علیہ السلام اور محبت اہل بیت اطہار کے موضوع پر قرآن و سنت کی روشنی میں خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ خانوادہ رسولؐ کی مقدس ہستیوں کی شہادت نے میدان کربلا کو جو مقام و مرتبہ اور عالم اسلام و عالم انسانیت کو جو سوچ و فکر عطا کی اس فلسفہ کو سمجھنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ واقعہ محض واقعہ نہ رہے بلکہ ایک ابدی حقیقت کے طور پر سمجھ میں آجائے۔

واقعہ کربلا میں ایک طرف یزید اور دوسری طرف امام حسین علیہ السلام کا فلسفہ اور ان کی سوچ و فکر ہے۔ اسی فلسفہ اور سوچ و فکر کی بناء پر امام حسین علیہ السلام کے نظریہ فلسفہ کو حسینیت کا نام دیا جاتا ہے اور یزید کا فکر و فلسفہ یزیدیت کے نام سے جانا جاتا ہے۔

واقعہ کربلا کے پس منظر میں یزید کی سوچ و فکر یہ تھی کہ طاقت ہی حق ہے یعنی جس کے پاس طاقت ہے وہ حق پر ہے۔ اسی کی پیروی، تابعداری اور معاونت کی جائے اور اس سے ہر صورت سمجھوتہ کرتے ہوئے اس کا ساتھ دیا جائے یزید کی اس فکر کے برعکس امام حسین علیہ السلام کی سوچ و فکر یہ تھی کہ طاقت حق نہیں بلکہ حق ہی طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محبت حسین علیہ السلام اور محبت اہل بیت اطہار علیھم السلام، تعظیم صحابہ اور محبت و اتباع اہل بیت یہ سب ایک ہیں۔ ہمیں ان سب کی محبت و مودت کو اپنانا ہو گا، یہی عقیدہ حق ہے۔

یہ سارے چشمے حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس سے ہی پھوٹے ہے حضور نبی اکرمؐ نے فرمایا اے لوگو میں تمہارے درمیان ایسی چیزیں چھوڑ رہا ہوں کہ اگر تم انہیں پکڑے رکھو گے تو ہرگز گمراہ نہ ہوگے ان میں ایک اللہ کی کتاب اور دوسری میرے اہل بیت۔

اس سے پہلے محفل کا آغاز حافظ تنویر حسین نے تلاوت قرآن پاک سے کیا حضور نبی اکرمؐ کی بارگاہ اقدس میں ڈاکٹر گلزار احمد، جنید خالد اور اسد علی نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض محی الدین دا کیے۔

محفل کے آخر میں تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے اظہار تشکر کے کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

آخر میں سلام کا نذرانہ بھی پیش کیا گیا اور تمام شہداء کربلا کی مقدس ارواح کو ایصال ثواب اور تمام امت مسلمہ پاکستان کی ترقی و سلامتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ محفل کے شرکاء کی تواضح حسینی لنگر سے کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top