نصاب اور طریقہ تدریس میں جدت لانا ہو گی: ڈاکٹر طاہرالقادری

مورخہ: 26 اگست 2021ء

نظام المدارس پاکستان کی ایڈمنسٹریشن کو ٹیچر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے پر مبارکباد دی
علم سے محبت کرنے والے آخری سانس تک طالب علم رہتے ہیں: قائد منہاج القرآن

لاہور(26 اگست 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے نظام المدارس پاکستان کے زیر اہتمام آن لائن ٹیچر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے پر ایڈمنسٹریشن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نصاب اور طریقہ تدریس میں عصری تقاضوں کے مطابق جدت لانا ہو گی۔ مدارس دینیہ کے نصاب میں اصلاحات کا عمل جاری رہتا تو کسی جانب سے انگلی نہ اٹھتی۔ علم سے محبت کرنے والے آخری سانس تک طالب علم رہتے ہیں۔ نصاب میں اصلاحات اور مدرسین کے لئے ریفریشر کورسز سے بہت سارے تعلیمی چیلنجزسے بآسانی نمٹا جا سکتا ہے۔

انہوں نے نظام المدارس پاکستان کے صدر مفتی امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی سے آڈیو لنک پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر دور کے جدا جدا تعلیمی،تربیتی، تدریسی تقاضے ہوتے ہیں انہیں پورا نہ کرنے والے تعلیم و ترقی کے مرکزی دھارے سے کٹ جاتے ہیں، دینی علوم کی درس و تدریس کو سائنسی انداز میں آگے بڑھانا ہوگا تاکہ مدارس دینیہ اور عصری علوم میں مطابقت پیدا ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ادوار حکومت میں تعلیمی ادارے تحقیق و ایجادات کا مرکز رہے ہیں۔دینی و عصری علوم میں تفریق کرنے سے معیار تعلیم بھی گرا اور سوسائٹی اخلاقی انحطاط کا بھی شکار ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کا وقار بحال کرنا ہو گاتاکہ پھر سے غزالی و رازی و رومی پیدا ہو سکیں اور اسلامک سوسائٹی علمی فکری جمود سے باہر نکل سکے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top