مدارس دینیہ کے علمی معیار اور وقار کی بحالی بڑا چیلنج ہے: علمائے کرام
دینی مدارس ایک دوسرے کے تعلیمی تجربات و مشاہدات سے استفادہ کریں: مفتی احمد افنان
جامعہ الرشید کراچی و مجمع العلوم الاسلامیہ کے وفد کا منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ
وفد نے نظام المدارس پاکستان اور جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے سینئر رہنماؤں سے ملاقات کی
وفد کو مفتی امداد اللہ قادری، علامہ میر آصف اکبر، عین الحق بغدادی، مفتی خلیل حنفی نے خوش آمدید کہا
لاہور (31 اگست 2021) جامعہ الرشید کراچی اور مجمع العلوم الاسلامیہ پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے نصاب کمیٹی کے سربراہ مفتی احمد افنان کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل، نظام المدارس پاکستان اور جامعہ اسلامیہ منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی احمد افنان نے کہا کہ مدارس دینیہ کے علمی معیار اور وقار کی بحالی بڑا چیلنج ہے۔ مدارس دینیہ کو ایک دوسرے کے تعلیمی، تربیتی تجربات و مشاہدات سے استفادہ کرنا چاہیے تاکہ مدارس دینیہ میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی عصری تقاضوں کے مطابق تعلیم و تربیت کی جا سکے اور انہیں ملک و ملت کی حقیقی خدمت کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرسرپرستی تعلیم و تربیت، نصاب سازی اور ٹیچر ٹریننگ کے شعبہ جات میں بہت سارے سنگ میل عبور کیے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ منہاج القرآن کے ذیلی تعلیمی اداروں سے بڑی تعداد میں تعلیمی ماہرین وابستہ ہیں جو اپنے علم و ہنر اور تجربہ کو دوسروں تک پہنچانے کے لیے ہمہ وقت دینی و قومی جذبہ سے سرشار ہیں۔
وفد کو مرکزی سیکرٹریٹ میں نظام المدارس پاکستان کے صدر علامہ مفتی امداد اللہ قادری، ناظم اعلیٰ علامہ میر آصف اکبر، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی، ناظم نصابات ڈاکٹر شفاقت علی بغدادی الازہری اور مفتی محمد خلیل حنفی نے خوش آمدید کہا۔ وفد میں وفاقی تعلیمی بورڈ مجمع العلوم الاسلامیہ کے نائب ناظم تعلیمات مولانا ارشد بنگش، ڈائریکٹر ٹریننگ مولانا الطاف الرحمن اور نصاب کمیٹی کے رکن مولانا نفیس الحق ثاقب اور ناظم پنجاب مولانا فہیم الحسن تھانوی شامل تھے۔
وفد نے منہاج ٹی وی، پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ اور ریسرچ سیل کا دورہ بھی کیا۔ نظام المدارس پاکستان کے صدر مفتی امداداللہ قادری علامہ میر آصف اکبر اور ناظم امتحانات علامہ عین الحق بغدادی نے وفد کو نظام المدارس پاکستان کے نئے نصاب اور امتحانی نظام اور ٹیچر ٹریننگ پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی۔
تبصرہ