نوجوان سوشل میڈیا کو دین سیکھنے، سکھانے اور پھیلانے کیلئے استعمال کریں: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

شیخ الاسلام نے سینکڑوں موضوعات پر ایک ہزار کتب کا علمی خزانہ امت کو عطا کیا
چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا فہم دین پراجیکٹ کے اجلاس سے خطاب

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri addressed Fahm e Deen meeting

لاہور (9 ستمبر 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ فہم دین پراجیکٹ کا دائرہ بیرون ملک تنظیمات تک بڑھایا جائے۔ سوشل میڈیا کے تمام ٹولز کو دین سیکھنے، سکھانے اور پھیلانے کیلئے استعمال کیا جائے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے قرآن اور جدید سائنس، توحید و رسالت، احادیث، سیرت النبی ﷺ، تصوف، اعمال، اخلاقیات، تکریم اہل بیت اطہار علیہم السلام، انسانی حقوق، انسداد انتہا پسندی، تعلیم و تربیت اور فروغ امن کے موضوعات پر ایک ہزار سے زائد کتب کا علمی خزانہ امت کو عطا کیا ہے۔ علم و تحقیق کے ان موتیوں کو خاص و عام تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے بالخصوص نظامت دعوت و تربیت، علماء کونسل، سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ، سوشل میڈیا ورکنگ کونسل، منہاج سائبر ایکٹوسٹس، زونل، اضلاع، تحصیل، یوسی کی تنظیمات اور تحریک منہاج القرآن سے وابستہ ہر رفیق اور کارکن کی دینی، ملی اور تنظیمی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فہم دین پراجیکٹ کے سلسلے میں منعقدہ خصوصی اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور، نائب ناظم اعلیٰ (میڈیا افیئرز) نور اللہ صدیقی، فہم دین پراجیکٹ کے ڈائریکٹر حفیظ اللہ جاوید، قاضی فیض الاسلام، ڈائریکٹر نظامت دعوت و تربیت علامہ غلام مرتضیٰ علوی، ڈائریکٹر منہاج انٹرنیٹ بیورو عبد الستار منہاجین، صدر منہاج یوتھ لیگ مظہر محمود علوی، صدر ایم ایس ایم عرفان یوسف، ڈائریکٹر پروڈکشن عادل ظہیر، کوآرڈینیٹر سوشل میڈیا ڈیپارٹمنٹ شہباز طاہر، مینجر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ محمد ثناء اللہ، ناظمہ ویمن لیگ سدرہ کرامت، عائشہ مبشر اور محمد رضا طاہر نے شرکت کی۔

چیئرمین سپریم کونسل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول ہیں اب قیامت تک کیلئے کسی نبی یا رسول نے نہیں آنا اس لئے امربالمعروف و نہی عن المنکر کا فریضہ امت محمدیہ کے ہر فرد کے ذمہ ہے۔ یہ ذمہ داری کسی اور نے نہیں براہ راست خاتم النبین حضور نبی اکرم ﷺ نے تفویض کی ہے۔ آپ ﷺ نے حجۃ الوداع کے موقع پر اللہ تعالی کا یہ ارشاد بیان فرمایا: ”آج کے دن میں نے تم پر تمہارے دین کو مکمل کر دیا۔ “ پھر آپ ﷺ یہ حکم فرمایا کہ کہ ”جو لوگ یہاں موجود ہیں وہ میری باتوں کو ان لوگوں تک پہنچا دیں جو یہاں موجود نہیں ہیں۔ “ اس فرمان اقدس کی روشنی میں امت مسلمہ کے ہر فرد نے دین کی ترویج و اشاعت کا فریضہ قیامت تک کے لیے انجام دینا ہے۔ دعوت اور تبلیغ دین کے ہر دور میں مختلف انداز، ذرائع اور تقاضے رہے ہیں جنہیں بروئے کار لا کر ہم تھوڑے وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک حق کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ جو ذرائع ابلاغ اور ٹیکنالوجی آج ہے، وہ اس زمانے کی بہترین ٹیکنالوجی ہے، یقیناً آنے والے زمانوں اور صدیوں میں اس سے بھی زیادہ برق رفتار اور ناقابل یقین ذرائع ابلاغ اور ذرائع نقل و حمل وجود میں آئیں گے۔

تحریک منہاج القرآن صرف اس صدی کی تجدیدی تحریک نہیں ہے اللہ کے فضل و کرم اور نعلین پاک کے تصدق سے منہاج القرآن آئندہ صدیوں کے تجدیدی فیوض و برکات کی حامل تحریک ہے، اس لئے ہمیں آج کے دور کے تقاضے بھی پورے کرنے ہیں اور آئندہ زمانوں کیلئے بھی دین اسلام کی ترویج و اشاعت کے فریضے کی انجام دہی کیلئے اقدامات بروئے کار لانا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 40 سال قبل تحریک منہاج القرآن کے مقاصد اور اندرون بیرون ملک کے تنظیمی انفراسٹرکچر اور خدوخال کے حوالے سے ایک پورا نقشہ اور لائحہ عمل ترتیب دے دیا تھا اس وقت مستقبل کے منصوبہ جات سماعت کرنے والے انگشت بدنداں تھے کہ یہ سب کیونکر ممکن ہو گا؟ الحمدللہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے جو خاکہ تشکیل دیا تھا آج وہ حقیقت کے رنگوں سے جگمگا رہا ہے اور ایک دنیا فیض یاب ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ منہاج القرآن کا آنے والا ہر دن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہوتا ہے۔

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri addressed Fahm e Deen meeting

Dr Hassan Mohi ud Din Qadri addressed Fahm e Deen meeting

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top