قائد اعظمؒ کی 73 ویں برسی کے موقع پر منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام دعائیہ تقریب

عہدیداران و کارکنان نے بابائے قوم محمد علی جناح ؒ کو خراج عقیدت پیش کیا
قائد اعظمؒ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام تھے: رانا نفیس حسین قادری
بانی پاکستان کے فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے: صدر منہاج القرآن لاہور

لاہور (10 ستمبر 2021) تحریک منہاج القرآن لاہور کے زیراہتمام بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی 73ویں برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، قرآن خوانی کی گئی۔ بانی پاکستان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ منہاج القرآن لاہور کے رہنماؤں، عہدیداران و کارکنان نے بابائے قوم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم اس عظیم قائد کو یاد کر رہے ہیں جس نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک نصب العین دیا۔ قائد اعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ کی ولولہ انگیز قیادت نے قوم میں ایک ایسا جذبہ بیدار کیا جس کی بدولت پاکستان معرض وجود میں آیا۔ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے فرمان ’’اتحاد، تنظیم، یقین محکم‘‘ پر عمل کرنے کی آج سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ بانی پاکستان کے افکار و فرمودات پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ملت اسلامیہ خصوصاً برصغیر کے مسلمانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کا خاص انعام تھے۔ بانی پاکستان نے مایوسی اور ناامیدی کی فضا میں عزم و حوصلہ کا چراغ چلایا اور اپنی لیاقت، ہمت، معاملہ فہمی سے برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک آزاد ریاست کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 11 ستمبر کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے عظیم قائد نے قوت ایمانی کے اسلحہ سے لیس ہو کر انتھک محنت اور جدوجہد کر کے اس خطہ ارضی کو حاصل کیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم قائد اعظم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی ترقی و استحکام کیلئے جدوجہد کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top