بانی پاکستان کے یوم وفات پر جامع شیخ الاسلام میں دعائیہ تقریب

قائد اعظم امانت اور دیانت کے اوصاف سے متصف لیڈر تھے: شیخ الاسلام ڈاکٹر طاہرالقادری
تقریب میں خرم نواز گنڈاپور، بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی کی شرکت
منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے دعا کروائی

quaid e azam

لاہور (11 ستمبر 2021) قائد تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒ کے یوم وفات پر کہا ہے کہ امانت، دیانت اور صداقت کے اوصاف سے متصف لیڈر شپ قوموں کو ان کی منزل تک پہنچا دیتی ہے۔ قائد اعظم ؒ انہی ہستیوں میں سے ایک تھے۔ بانی پاکستان کی سیاست انصاف اور مساوات کے اعلیٰ انسانی، اخلاقی اصولوں پر استوار رہی یہی اصول اسلام اور مصطفوی تعلیمات کا جوہر اور مرکز و محور ہیں۔ امن، سکون اور خوشحالی انہی اصولوں پر کاربند ہونے میں ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ رب العزت پاکستان کی حفاظت اوربانی پاکستان کے درجات بلند فرمائے۔

دریں اثناء جامع شیخ الاسلام میں بانی پاکستان کے یوم وفات پر خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی اور بانی پاکستان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی دیانت محنت اور مشن سے غیر متزلزل وابستگی کا صلہ ہے۔ اللہ جب کسی قوم کی بہتری کا فیصلہ کرتا ہے کہ اس قوم میں قائداعظم محمد علی جناح ؒ اور حکیم الامت جیسی ہستیاں پیدا فرما دیتا ہے۔ منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے دعا کروائی۔

دعائیہ تقریب میں بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، جواد حامد و دیگر نے شرکت کی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top