صوفیائے کرام نے انسانیت سے محبت کی تعلیم دی: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

حضرت بہاؤالدین زکریاؒ ظاہری و باطنی علوم میں یکتائے روزگار تھے
چیئرمین سپریم کونسل کا حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 782ویں عرس پر بیان

Dr Hassan Qadri

لاہور (14 ستمبر 2021) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے برصغیر پاک و ہند کے ممتاز صوفی بزرگ حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ کے 782 ویں عرس کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوفیائے کرام نے ہمیشہ انسانوں کو انسانوں کے ساتھ شفقت و محبت اور صلہ رحمی کی تعلیمات دیں اور عمر بھر اللہ کی رضا کے لیے مخلوقِ خدا کے دکھ درد بانٹے۔

مخلوقِ خدا کی داد رسی کی اور ان سے مشکلات و مصائب اور تکالیف کو دور کیا۔ انسانیت سے اسی بے لوث اور بے ریا محبت کی وجہ سے اللہ کے یہ ولی اپنے اپنے زمانوں میں اپنوں اور پرایوں میں یکساں طور پر مرجع خلائق تھے۔ صوفیائے کرام کی جان، مال، وقت اور صحت سب کچھ خدمت دین اور خدمت انسانیت کے لیے وقف رہتا تھا۔ اسی ایثار اور اخلاص کی وجہ سے صوفیاء کا ذکر صدیاں گزر جانے کے بعد بھی زندہ و جاوید ہے اور ان کی تصنیفات اور تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے ہدایت اور علم و ادب کے روشن چراغ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت بہاؤ الدین زکریاؒ ظاہری اور باطنی علوم میں یکتاے روزگار تھے۔ آپ نے کم سنی میں قرآن مجید حفظ کر لیا تھا اور قرآن و سنت کے علوم کے حصول کے لیے سرزمینِ عرب کے سفر کیے۔ صوفیاء کرام ہمیشہ علم کے طالب رہے ہیں اور ہر صوفی بزرگ اپنے دور کا جید عالم بھی ہوتا تھا۔ حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ حافظ اور قاری ہونے کے ساتھ ساتھ محدث اور مفسر بھی تھے۔

آپ اسلام کے عظیم مبلغ تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اولیاء اللہ کی سرزمین ہے اور ہمارا یقین ہے کہ صوفیاء کی مقدس اور بابرکت ارواح کے طفیل اللہ رب العزت ہمیشہ پاکستان اور اس کے عوام کی حفاظت فرمائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان صراط مستقیم کے لیے اللہ تعالٰی کے انعام یافتہ اور مقرب بندوں کے حالات زندگی اور تعلیمات کے مطالعہ کو اپنا معمول بنائیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top