ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کا منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ

بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، خرم نواز گنڈاپور، جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی و دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی

Khurram Nawaz Gandapur

لاہور (17 ستمبر 2021) مرکزی صدر ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن چوہدری شاکر عمر گجر نے وفد کے ہمراہ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔ مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر تحریک منہاج القرآن کے رہنماؤں جی ایم ملک، نوراللہ صدیقی، طیب ضیاء، شہباز طاہر نے انہیں خوش آمدید کہا۔ چوہدری شاکر عمر گجر نے منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں قائم مختلف نظامتوں اور شعبہ جات کا وزٹ بھی کیا۔ وفد نے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، نائب صدر تحریک منہاج القرآن بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد خان سے ملاقات کی۔

چوہدری شاکر عمر گجر نے کہا کہ منہاج القرآن کی خدمت دین اور خدمت انسانیت کے منصوبہ جات اور عملی اقدامات کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور ان کی تحریک اسلام اور انسانیت کی پوری دنیا میں بے لوث خدمت کر رہی ہے۔

چوہدری شاکر عمر گجر نے ڈیری اینڈ کیٹل کے ایشو پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمزور رٹ آف گورنمنٹ اور بیوروکریسی کے کرپشن پر مبنی انتظامی ڈھانچے کی وجہ سے ریاست، کسان اور صارف تینوں کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ انویسٹرز اور کرپٹ بیوروکریسی فائدہ اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اور ڈیری فارمر کو مہنگا چارہ ملتا ہے جبکہ پوری لاگت نہیں ملتی جس کی وجہ سے دو نمبر ڈیری مصنوعات جن میں جعلی دودھ سرفہرست ہے، بڑی مقدار میں بک رہا ہے۔ کرپشن کی وجہ سے ریاست ریونیو سے محروم رہتی ہے اور کسان اپنی پوری لاگت سے محروم رہتا ہے۔ دو نمبر جعلی دودھ ڈیڑھ سو روپے کلو بڑے آرام سے بکتا ہے جبکہ خالص دودھ کی قیمت کم مقرر کی جاتی ہے۔ یہ سب ناقص پالیسیوں اور ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو نمبر ڈیری مصنوعات کی روک تھام کے لیے سول سوسائٹی اور میڈیا سے مل کر بیداری شعور مہم چلا رہے ہیں۔ کسی کی جان لینا دہشت گردی ہے تو جعلی خوراک سے نسلوں کو اپاہج کرنا دہشت گردی سے بھی بڑا جرم ہے۔

وفد میں چوہدری شہباز رسول آرگنائزر ڈیری اینڈ کیٹل فارمر ایسوسی ایشن پنجاب، محسن عارف، عبدالماجد، ادریس گجر، مرزا معظم علی شامل تھے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top