38 ویں عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان پر ہو گی: تحریک منہاج القرآن
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 38ویں عالمی میلاد کانفرنس 11 اور 12 ربیع الاول کی شب مینار پاکستان لاہور کے سبزہ زار میں ہو گی۔ کانفرنس سے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔ منہاج القرآن کے سینئر رہنما ناظم سیکرٹریٹ جواد حامد نے عہدیداروں کے ہمراہ مینار پاکستان کا دورہ کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عالمی میلاد کانفرنس مینار پاکستان ہو گی۔ اس کے لئے تمام ضروری اقدامات اور قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شرکائے عالمی میلاد کانفرنس کے لئے ماسک پہننا لازم ہو گا اور شرکاء کے بیٹھنے کا انتظام بھی ایس او پیز کے مطابق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال مینار پاکستان انتظامیہ اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرتی ہے اور ہم بھی مینار پاکستان کے سبزہ زار کی خوبصورتی کا بھرپور خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مینار پاکستان ایک قومی اثاثہ ہے جس کا خیال رکھنا اور حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
آقائے دو جہاں حضور نبی اکرم ﷺ کی یوم ولادت کی خوشیاں منانا ہمارے ایمان کے استحکام کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کی نعمتوں کا شکرادا کرنا اس کے بندوں پر واجب ہے اور ہمارے لئے سب سے بڑی نعمت خاتم النبین حضور نبی اکرم ﷺ کا امتی ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تحریک منہاج القرآن میلاد النبی کی تقریبات اور سیرت النبی کانفرنسز کا جلد ملک گیر شیڈول جاری کرے گی اور اس بار منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر استقبالِ ربیع الاول کے حوالے سے عظیم الشان تقریب منعقد ہو گی۔
تبصرہ