منہاج القرآن لاہور کے وفد کی داتا دربار حاضری، پھولوں کی چادر چڑھائی
اولیاء و صوفیاء کی تعلیمات سے انسان دوستی کا درس ملتا ہے: علامہ رانا نفیس حسین قادری
صوفیاء کے روحانی آستانے رشد و ہدایت کے سر چشمے ہیں: صدر منہاج القرآن لاہور
لاہور (26 ستمبر 2021) تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر علامہ رانا نفیس حسین قادری نے حضرت سید علی بن عثمان المعروف داتا گنج بخش علی ہجویری ؒکے 978 ویں عرس مبار ک کے موقع پروفد کے ہمراہ انکے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ اولیاء و صوفیاء کی تعلیمات سے انسان دوستی کا درس ملتا ہے۔ صوفیاء کے روحانی آستانے رشد و ہدایت کے سر چشمے ہیں۔ صوفیاء کی تعلیمات کو مشعل راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ صوفیاء کا طرز عمل اختیار کر کے عظمت رفتہ بحال کر سکتے ہیں۔ اولیاء کی تعلیمات اپنانے اور پھیلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور داتا علی ہجویری ؒ عظیم ولی اللہ ہیں جن کا فیض آج بھی جاری و ساری ہے۔ حضرت سید داتا گنج بخش علی ہجویری ؒنے پیار و محبت، انسانیت، اخلاقی اقدار کا درس دیا تھا۔
علامہ رانا نفیس حسین قادری نے کہا کہ دنیا میں امن و آشتی قائم کرنے کیلئے اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ حضرت داتا علی ہجویری ؒ نے طریقت و شریعت پر عمل کرتے ہوئے لوگوں کو اسلام کی تعلیمات سے روشناس کروایا۔ نئی نسل کو حضرت داتا گنج بخش و دیگر صوفیاء کرام کی تعلیمات سے روشناس کروانا ہماری ذمہ داری ہے۔ وفد میں فیضان الحسن بخاری، مبارک علی بخاری، سید علی رضا رضوی و دیگر شامل تھے۔
تبصرہ