ادب اور کردار کے بغیر علم بے فائدہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

آج تعلیمی اداروں میں اخلاقیات اور کردار سازی کے مضامین ناپید ہیں
منہاج القرآن نے تعلیم و تربیت کو ایک جگہ جمع کردیا: چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (5 اکتوبر 2021ء) چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے پہلے دن سینئر کلاسز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور تہذیت یافتہ سوسائٹی کی تشکیل کیلئے اخلاقیات کے مضمون پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ ادب، عمل اور کردار کے بغیر علم بے فائدہ ہے افسوس آج تعلیمی اداروں میں تعلیمی نصاب تو پڑھایا جاتا ہے مگر اخلاق اور تربیت کی کمی ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے علم اور تربیت کو یکجا کیا ہے۔ منہاج القرآن کے زیر اہتمام چلنے والے تعلیمی اداروں میں سب سے فوکس تربیت اور کردار سازی پر ہے۔

تربیتی ورکشاپ سے پروفیسر محمد نواز ظفر، انجینئر محمد رفیق نجم اور پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم انور نعمانی نے بھی خطاب کیا جبکہ پرنسپل ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، مفتی عبد القیوم ہزاروی، ڈاکٹر ممتاز احمد سدیدی، ڈاکٹر شفاقت بغدادی۔ پروفیسر محب اللہ اظہر، علامہ غلام مرتضیٰ علوی، صابر حسین نقشبندی نے شرکت کی۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ ذات کی نفی ادب کا اعلیٰ مقام ہے، جس علم سے انسانیت کو نفع پہنچے وہی علم نافع ہے۔ بڑوں کے ادب و احترام کی دم توڑتی ہوئی روایات نے سوسائٹی کو اخلاقی اعتبار سے تہ و بالا کر کے رکھ دیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن اسلام اور اسلاف کی عظیم اخلاقی، روحانی روایات کے احیاء کیلئے کوشاں ہے۔

دریں اثناء کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے زیراہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوسرے روز 6 اکتوبر کو صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری خطاب کرینگے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top