منہاج القرآن ویمن لیگ کے زیراہتمام بچوں کی مشعل بردار ریلی

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ریلی میں شریک بچوں کا استقبال کیا
بچوں نے آمد مصطفی مرحبا، مرحبا کے نعرے لگاتے ہوئے ریلی میں واک کی
ریلی جامع شیخ الاسلام سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے گھر تک نکالی گئی
ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا مہینہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
منہاج القرآن کے قائدین نے بچوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں

candle rally

لاہور (10 اکتوبر 2021) منہاج القرآن ویمن لیگ ایگرز کے زیراہتمام میلادالنبی کے سلسلے میں بچوں کی مشعل بردار ریلی نکالی گئی۔ بچوں نے ہاتھوں میں موم بتیاں پکڑ کر آمد مصطفی ﷺ مرحبا مرحبا کے نعرے لگائے۔ مشعل بردار ریلی میں شریک بچوں نے خوبصورت جھلمل کرتے رنگوں سے لکھے اسم محمدﷺ والے پلے کارڈ اور روشن برقی مشعلیں اٹھا رکھی تھیں۔

ریلی جامع شیخ الاسلام سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے گھر تک نکالی گئی، چئیرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور صدر منہاج القرآن انٹر نیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے بچوں کی مشعل بردار ریلی کا استقبال کیا اور ریلی میں شریک بچوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ انہوں نے ریلی میں شریک بچوں کو پھولوں کے ہار پہنائے۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے ایگرز کی ٹیم کو بچوں کو استقبال ربیع الاول ریلی کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کی مشعل بردار ریلی اور محفل میلاد النبی ﷺ کے انعقاد کا مقصد انہیں کم عمری میں ہی سیرت طیبہﷺ کے گوشوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کو اللہ تعالیٰ نے میلاد النبیﷺ کی خوشیاں منانے اور گھر، گھر محافل میلاد کے انعقاد کی توفیق بخشی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے بچوں، نوجوانوں، مرد وخواتین کے دلوں کو عشق مصطفی ﷺکی شمعوں سے روشن کیا ہے۔ ماہ ربیع الاول امت مسلمہ کے لیے خاص اہمیت کا مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک میں نبی آخر الزماں ﷺ کی دنیا میں تشریف آوری ہوئی جو وجہء تخلیق کائنات ہیں۔

ریلی میں شریک بچوں نے درود وسلام پڑھا تو در و دیوار رنگ و نور میں نہا گئے۔ ریلی میں شریک ننھی بچیا ں پھولوں کے گجرے پہن کر، درود وسلام پڑھ کر اور آمد مصطفی مرحبا، مرحبا کے نعرے لگا کر محبت رسول ﷺ کا اظہار کررہی تھیں۔

ریلی میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی صدر ڈاکٹر فرح ناز، ڈائریکٹر ایگرز ایمن یوسف، ام حبیبہ اسماعیل، کلثوم قمر، سعدیہ احمد، رافعہ عروج، بسمہ خالد اور بسمہ امجد شریک تھیں۔ منہا ج لقرآن ویمن لیگ کی رہنماوں نے بچوں کو تحائف دئیے اور شاندار استقبال ربیع الاول ریلی کے انعقاد پر مبارکباد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top